لاہور۔3ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے فلڈ ریلیف کیمپس کی مسلسل نگرانی کرتے ہوئے تھیم پارک چنگ کا تفصیلی دورہ کیا،جہاں اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ اور دیگر متعلقہ عہدیداران کے ہمراہ سیلاب متاثرین کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو دریائے راوی کی موجودہ صورتحال، بحالی کے اقدامات اور ریلیف کیمپ میں فراہم کردہ سہولیات کی تفصیلی بریفنگ دی۔ ریلیف کیمپ میں میڈیکل کیمپ24 گھنٹے فعال ہے،جہاں ڈاکٹرز، عملہ اور ادویات کا مکمل ذخیرہ موجود ہے،
متاثرین کو مناسب کھانا، بستر اور دیگر ضروری اشیائے زندگی فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ بچوں کو تعلیم اور دودھ کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کپڑے، جوتے اور دیگر بنیادی سہولیات بھی دی جا رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے متاثرین کی بحالی کے لیے فوری اقدامات اٹھانے اور کیمپ میں صفائی اور حفظان صحت کے معیارات برقرار رکھنے کی سخت ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے واضح کیا کہ ریلیف کیمپوں میں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،میڈیکل کیمپس24 گھنٹے بنیادوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں،متاثرین کو معیاری کھانا اور رہائش دستیاب ہے اور ضلعی انتظامیہ لاہور سیلاب متاثرین کی مکمل فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔