اسلام آباد ۔19جولائی (اے پی پی):ترجمان نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے کہاہے کہ این ایچ اے کی انتھک محنت بارآور ثابت ہوئی اور ژوب-دھناسر شاہراہ (N-50)کو قلیل ترین وقت میں تمام قسم کے ٹریفک کیلئے بحال کردیاگیا۔
ترجمان نے کہاکہ ابتدائی اندازے کے مطابق بحالی کیلئے کم از کم 24 گھنٹے درکار تھے،مذکورہ شاہراہ پر 70 میٹر لینڈ سلائیڈنگ کو 16 گھنٹے کی انتھک محنت کے بعدگذشتہ شب بحال کیا گیا تھا۔ این ایچ اے عملے نے ژوب ،دھناسر شاہراہ(N-50) کو مرمت کرنے کے بعد ہلکی ٹریفک کے لئے کل علی الصبح کھول دیا تھا۔ اس وقت ژوب دھناسر شاہراہ ہر قسم کی چھوٹی بڑی گا ڑیوں کیلئے بحال ہو گئی ہے۔
ترجمان این ایچ اے نے کہاکہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات لئے جا رہے ہیں۔ ژوب-دھناسر شاہراہ کا کچھ حصہ شدید طوفانی بارش کے باعث ٹریفک کے لئے معطل ہوا تھا۔ترجمان این ایچ اے نے مزید کہاکہ ٹریفک کو قلعہ سیف اللہ-لورالائی-ڈی جی خان شاہراہ کی طرف متبادل راستہ دیا گیا تھا۔این ایچ اے عملہ اور مشینری تمام تر قومی شاہراہیں بحال رکھنے کیلئے فعال و مستعد ہے۔
اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لا ئے جا رہے ہیں۔