اسلام آباد ۔ 4 نومبر (اے پی پی) وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات نے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگراموں میں کابینہ ڈویژن کے لئے مجموعی طور پر اب تک 15 ارب 99 کروڑ 45 لاکھ 95 ہزار کے فنڈز جاری کردیئے ہیں۔ حکومت نے اس ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے رواں مالی سال کے لئے 39 ارب 98 کروڑ 64 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ پلاننگ کمیشن کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے راولپنڈی میں 200 بستروں پر مشتمل گائنا کالوجی سنٹر کے قیام کے لئے ایک ارب 26 کروڑ 33 لاکھ، کراچی میں گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کے لئے 2 ارب، کراچی میں فلائی اوورز کی تعمیر کے لئے 89 کروڑ 32 لاکھ، کراچی پیکیج کے تحت منگھو پیر روڈ کی تعمیر کے لئے ایک ارب 6 کروڑ 41 لاکھ، کراچی پیکیج کے تحت کے ایم سی کی فائر فائٹنگ کی اپ گریڈیشن اور بحالی کے لئے 85کروڑ 50 لاکھ، پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے 8 ارب 80 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔