کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم کردی، برآمدی شعب کیلئے بجلی،آرایل این جی اورگیس کی رعایت کیلئے رجسٹریشن کے طریقہ کارکی اصولی منظوری

94

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے آنے والے سیزن میں گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم کردی ہے، سیدفخرامام، ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ، ڈاکٹرعشرت حسین،ڈاکٹروقارمسعود،ندیم بابر، عبدالرزاق داود، اسد عمر اورمخدوم خسروبختیارپرمشتمل کمیٹی گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ کھادوں بالخصوص ڈی اے پی پرسبسڈی دینے کیلئے تجاویز بھی تیارکرے گی، ای سی سی نے برآمدی شعبہ (سابق زیروریٹڈشعبہ جات) کیلئے بجلی،آرایل این جی اورگیس کی رعایت کیلئے رجسٹریشن کے طریقہ کارکی اصولی منظوری دیدی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس پیرکویہاں وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ ڈویژن میں منعقدہوا۔اجلاس میں برآمدی شعبہ (سابق زیروریٹڈشعبہ جات) کیلئے بجلی،آرایل این جی اورگیس کے رعایت کیلئے رجسٹریشن کے طریقہ کارکی اصولی منظوری دی گئی۔ ای سی سی نے اس زراعانت کوصرف مستحق شعبوں کو فراہم کرنے کی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ای سی سی نے فیصلہ کیاکہ ایف بی آر کی جانب سے تیاروبرآمد کنندگان کی ایس آر اونمبر1125 کے تحت تیارکردہ زیروریٹڈ فہرست کو استعمال میں لایا جاسکتاہے۔ایف بی آر وزارت تجارت کے ایس جی ٹی او117 کے تحت پانچ برآمدی شعبہ جات کے نئے تیاروبرآمدکنندگان کی رجسٹریشن بھی کرسکتاہے،ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ ایف بی آر، پیٹرولیم اورپاورڈویژن سابق اورموجودہ یونٹوں کی معیادی چیکنگ، مانیٹرنگ یا واپسی کی حکمت عملی اورغلط معلومات کی فراہمی یا اس سہولت کے غلط استعمال پرتادیبی کارروائی کرسکے گا۔اجلاس میں گندم کی کم سے کم امدادی قیمت پرتفصیلی گفتگو ہوئی، وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی جانب سے کمیٹی کو پنجاب، خیبرپختونخوام بلوچستان اوروفاقی دارالحکومت سے مختلف تخمینہ جات کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس بات پراتقاق ہواکہ کسانوں کی معاونت اورآنیوالے سیزن میں گندم کی زیادہ مقدارمیں بوائی کیلئے اس کی امدادی قیمت میں اضافہ ضروری ہے۔اجلاس میں زرعی مداخل کی قیمتوں کو معقول بنانے پربھی گفتگو کی گئی تاکہ کسانوں کو مناسب نرخوں پرمداخل کی فراہمی کویقینی بنایا جاسکے ۔ اسی طرح دیہی معیشت کو فروغ دینے کیلئے مختلف اقدامات اورفلورملوں کو گندم کی فراہمی بڑھانے کا بھی جائزہ لیاگیا اورکہا گیا کہ اس کے نتیجہ میں گندم اورآٹے کی قیمتوں پرقابوپانے میں مددملے گی۔اجلاس میں زرعی شعبہ سے متعلق معلومات کے حصول کیلئے بہترنظام وضع کرنے پربھی گفتگو ہوئی۔آنیوالے سیزن میں گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ کا جائزہ لینے کیلئے سیدفخرامام، ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ، ڈاکٹرعشرت حسین،ڈاکٹروقارمسعود،ندیم بابر، عبدالرزاق داود، اسد عمر اورمخدوم خسروبختیارپرمشتمل کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا۔یہ کمیٹی کھادوں بالخصوص ڈی اے پی پرسبسڈی دینے کیلئے تجاویز بھی تیارکرے گی۔یہ تجاویز کسانوں کیلئے پیکج کا حصہ ہوں کی اوراس سے زرعی مداخل کی لاگت میں کمی آئے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ آٹے کی قیمت میں کمی اوراستحکام کیلئے صوبے مارکیٹ میں زیادہ گندم ریلیز کریں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ مقامی حکومتوں کوگندم اورآٹا کی قیمتوں کی نگرانی کیلئے ہدایات جاری کی جائیں گی تاکہ عام آدمی کیلئے گندم اورآٹا کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہو ، کمیٹی آئندہ اجلاس میں اپنی تجاویز پیش کرے گی۔