کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی ٹی سی پی کو گندم کی درآمد کیلئے تازہ ٹینڈرجاری کرنے کی ہدایت

234

اسلام آباد۔10اکتوبر (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کومختص کردہ مقدارکے مطابق گندم کی درآمد کیلئے تازہ ٹینڈرجاری کرنے کی منظوری دیدی، ای سی سی نے کیلنڈرسال 2022-23 کیلئے پانچ برآمدی شعبہ جات بشمول ٹیکسٹائل، پٹ سن، لیدر، سرجیکل اورسپورٹس کیلئے بجلی کے نرخ 19.99 روپے فی کلوواٹ آور مقررکرنے کی منظوری بھی دیدی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس پیرکویہاں وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارکی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا چوہدری طارق بشیرچیمہ، مخدوم سیدمرتضیٰ محمود، وزیرمملکت ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا، وفاقی سیکرٹریزا ور سینئرافسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی جانب سے گوادرپورٹ کے استعمال اورگندم کی درآمدکیلئے پری شپمنٹ معائنہ ایجنسی کے طریقہ کارپرنظرثانی سے متعلق سمری پیش کی گئی۔

ای سی سی کوبتایاگیا کہ انسپکشن کے طریقہ کاراوربندرگاہ کی تبدیلی کی وجہ سے 26 ستمبر2022 کو جاری کردہ ٹینڈرکے جواب میں کم بولیاں اورزیادہ قیمت موصول ہوئی تھیں۔ دونوں تجاویز کے درآمدی گندم پرزیادہ لاگت کے تناظرمیں ای سی سی نے ٹریڈنگ کارپویشن آف پاکستان کے ٹینڈر انسپکشن میں میں دونوں ترامیم وقتی طور پر ڈراپ کرنے کی اجازت دیدی تاہم ای سی سی نے لوڈنگ والی بندرگاہ پر وزارت تجارت اورٹی سی پی کے چاراعلیٰ انسپکشن فرمز سے پری شپمنٹ انسپکشن یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ای سی سی نے ٹریڈنگ کارپویشن آف پاکستان کومختص کردہ مقدارکے مطابق گندم درآمدکرنے کیلئے تازہ ٹینڈرجاری کرنے کی ہدایت بھی کی۔وزارت تجارت کی ایک سمری پرای سی سی نے کیلینڈرسال 2022-23 کیلئے پانچ برآمدی شعبہ جات بشمول ٹیکسٹائل، پٹ سن، لیدر، سرجیکل اور سپورٹس کیلئے بجلی کے نرخ 19.99 روپے مقررکرنے کی منظوری دیدی، اس کا اطلاق یکم اکتوبر2022 سے 30 جون 2023 کی مدت کیلئے ہوگا۔

ای سی سی نے وزارت داخلہ کیلئے 410.181 ملین روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی۔اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی سمری پرگندم کی امدادی قیمت سے متعلق سمری کو موخرکردیاگیا۔