اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):کابینہ کی کمیٹی برائے بین الحکومتی ٹرانزیکشنز نے ابوظہبی پورٹس یواے کی جانب سے پاکستان کنٹینرز ٹرمینل کے آپریشن، مرمت وبحالی اورڈولپمنٹ حقوق کے حوالہ سے معاہدے کے شرائط (ٹی اوآرز) کا تقابلی جائزہ لینے کے بعد منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کی سفارش کی ہے۔
کابینہ کی کمیٹی برائے بین الحکومتی ٹرانزیکشنز کااجلاس جمعرات کویہاں وفاقی وزیرخزانہ سینیٹرمحمداسحاق ڈارکی زیرصدارت منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی وزیر بحری امورسیدفیصل سبزواری، وزیرتجارت سیدنویدقمر، وزیرمملکت مصدق ملک، معاون خصوصی طارق باجوہ، اٹارنی جنرل آف پاکستان، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری وزارت بحری امور، سیکرٹری قانون وانصاف اور دیگرسینئرافسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزارت بحری امورکی جانب سے کراچی پورٹ ٹرسٹ اورابوظہبی پورٹس یواے ای کے درمیان تجارتی معاہدے پرمذاکرات کیلئے قائم کمیٹی کی سفارشات اورتجاویز کاجائزہ لیاگیا، اجلاس کے شرکاء کو کوبتایا گیا کہ مذاکراتتی کمیٹی کے اجلاس وفاقی وزیربحری امورکی زیرصدارت 19، 20 اور21 جون کومنعقد ہوئے، ان اجلاسوں میں ابوظہبی پورٹس یواے کی جانب سے پاکستان کنٹینرز ٹرمینل کے آپریشن، مرمت وبحالی اورڈولپمنٹ حقوق کے حوالہ سے معاہدے کا تفصیل سے جائزہ لیاگیا۔کابینہ کی کمیٹی نے تفصیلی بحث اور شرائط (ٹی اوآرز) کا تقابلی جائزہ لینے کے بعد معاہدے کو منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کی سفارش کی۔