اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):کارانداز پاکستان نے ملک میں نجی کریڈٹ بیورو’’ تصدیق ‘‘کے ساتھ ڈیٹا کے اشتراک کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔’’ تصدیق‘‘کے ساتھ اشتراک سے کارانداز اپنے ڈیٹا پورٹل (https://portal.karandaaz.com.pk/) کے ذریعے پیش کئے جانے والے ڈیٹا کو بڑھائے گا تاکہ پاکستان میں 70 سے زائد ذیلی شعبوں کیلئے انٹرپرائز کریڈٹ انفارمیشن کو شامل کیا جاسکے۔ڈیٹا کو صوبائی، ضلعی اور شہری سطح پر جغرافیائی لحاظ سے الگ کیا جائے گا اور قرض دہندہ کی قسم کے لحاظ سے اس کی درجہ بندی کی جائے گی۔
کار انداز کے سی ای او وقاض الحسن نے شراکت داری اور پاکستان میں اس قسم کے ڈیٹا تک رسائی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کارانداز ڈیٹا پورٹل جدید ترین پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے مالی شمولیت، میکرو اور مائیکرو معاشی اعشاریوں کے بارے میں معلومات آسانی سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ہم تسلسل کے ساتھ ڈیٹا پورٹل پر ڈیٹا پوائنٹس میں اضافہ کررہے ہیں اور’’ تصدیق‘‘ کے ساتھ ہماری شراکت داری ان کوششوں کا ثبوت ہے۔یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ پاکستان میں ایک نجی کریڈٹ بیورو عوامی رسائی والے ڈیٹا پورٹل پر وسیع کریڈٹ اعشاریوں پر مربوط معلومات شیئر کرے گا۔مجھے اس شراکت داری اور لامحدود امکانات پرخوشی ہے جس سے محققین، تعلیمی ادارے، مالیا تی ادارے اور پالیسی ساز فائدہ اٹھاسکیں گے۔
کارانداز کا انٹریکٹو ڈیٹا پورٹل عوامی طور پر دستیاب ذرائع سے پاکستان کے مالی اور معاشی ڈیٹا کو اکٹھا اور مربوط کرتا ہے۔ ان میں سے کچھ ذرائع میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی (ایس بی پی) رپورٹس، مالی شمولیت کے متعددسرویز، اکنامک سروے آف پاکستان،مردم شماری اور لیبر فورس سرویز شا مل ہیں۔پورٹل سٹیک ہولڈرز بشمول پالیسی سازوں، نجی و سرکاری شعبہ کے اداروں، محققین اور طالب علموں کو وسیع ڈیٹا فراہم کرتا ہے جسے تجزیہ کیلئے اپنی مرضی کے مطابق استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ایس بی پی کی طرف سے لائسنس یافتہ نجی کریڈٹ بیورو کی حیثیت سے ’’تصدیق‘‘ کا بنیادی کاروبار مالی خدمات فراہم کرنے والے وسیع رینج کے اداروں سے کریڈٹ ڈیٹا اکٹھا کرنا ہے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے تصدیق کے سی ای او ممتاز سید نے کہاکہ ہمارا مقصد پاکستان کے اندر مالیاتی صنعت کو ڈیٹا اور بصیرت سے لیس کرنا اورمالیاتی شمولیت کو فروغ دینا ہے۔تصدیق فنانشل انسٹی ٹیوشن ڈیٹا، یوٹیلیٹی ڈیٹا اور آلٹرنیٹو ڈیٹا سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قرض دینے والے اہم اداروں کو فنانس تک رسائی کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک ایکو سسٹم تشکیل دے رہا ہے۔
کار انداز کی چیئرپرسن شمشاد اختر نے کہا کہ پاکستان میں معلومات تک رسائی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اس کےلئے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ابھرتی ہوئی مارکیٹوں کی ترقی کا منحصر معلومات کی دستیابی پر ہے تا کہ با خبر فیصلہ سازی اور پسماندہ مارکیٹوں میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا یا جا سکے۔ اوپن ڈیٹا کے طریقہ کار اپنانے اور معلومات تک رسائی کے حق کو مضبوط بنانے کی سخت ضرورت ہے جو ہمارے قوانین میں پہلے سے موجود ہے لیکن ان پر ہمیشہ سے عمل نہیں کیا جاتا ہے۔ اعداد و شمار تک زیادہ سے زیادہ رسائی نہ صرف حکومت اور نجی شعبوں میں زیادہ شفافیت وجوابدہی کو فروغ دے گی بلکہ ترقیاتی نتائج کی حمایت بھی کرے گی۔
تصدیق اور کاراندازکے درمیان یہ شراکت داری نہ صرف اہم ڈیٹا تک عوامی رسائی کی وجہ سے آگے بڑھنے کا بلیو پرنٹ ہے بلکہ اس لیے بھی ضروری ہے کہ ڈیٹا اکٹھا کرنے پر نہ صرف لاگت آتی ہے بلکہ وقت بھی صرف ہوتاہے اور اس طرح کے معاہدے ان اخراجات کو کم کر سکتے ہیں۔