کارفور کے 10 ویں سٹور کا گوجرنوالہ میں افتتاح ،مجموعی سرمایہ کاری 10.5 ارب روپے تک پہنچ گئی

129

لاہور۔10جنوری (اے پی پی):پاکستان میں ماجد الفطیم کی طرف سے فعال ادارہ، کارفور پاکستان نے گوجرانوالہ میں اپنی نئی ہائپر مارکیٹ کے افتتاح کے ساتھ ملک میں اپنی سرمایہ کاری میں ایک ارب روپے کا اضافہ کیا ہے جس کے بعد ملک میں اسکی مجموعی سرمایہ کاری کا حجم بڑھ کر 10.5 ارب روپے تک جاپہنچا ہے۔

اس نئی ہائپر مارکیٹ کا افتتاح پیر بتاریخ 10 جنوری کو ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے تحقیق و قومی تحفظ خوراک سید فخر امام، ماجد الفطیم ریٹیل کے چیف آپریٹنگ آفیسر تھیری جولین، اور کارفور پاکستان کے کنٹری منیجر عمر لودھی موجود تھے۔

پاکستان میں اپنے 10 ویں اسٹور کے ساتھ کارفور نے ملک کے ریٹیل سیکٹر میں اپنے گہرے اعتماد کا اظہار کیا ہے اور بڑے پیمانے پر لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنا تعاون پیش کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ مہمانوں کو 15000 مربع میٹر پر محیط سٹور کا دورہ بھی کروایا گیا جہاں گوجرانوالہ کے لوگوں کو شاپنگ کے اعلی معیار کی سہولیات میسر ہوں گی۔

صارفین کو عام استعمال، کھانے پینے کی تازہ اشیا، الیکٹرانکس اور دیگر شعبوں کی 25 ہزار سے زائد مصنوعات پیش کرنے کے ساتھ کارفور پاکستان عام پاکستانیوں کی روزمرہ زندگیوں کو آسان بنائے گا اور شہر میں 170 گھرانوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔سید فخر امام نے زرعی شعبے کی جدت اور پاکستان کی معیشت کے مفاد کے لئے تازہ پیداوار کی مقامی سطح پر فراہمی میں ریٹیل سیکٹر کے اہم کردار پر زور دیا۔

انہوں نے سپر مارکیٹوں اور فارمز کے درمیان براہ راست رابطہ قائم کرنے میں کارفور کے کردار کو بھی سراہا جو گھریلو استعمال کے لئے تازہ پھلوں اور سبزیوں کی طلب کو مثر طریقے سے پورا کر رہا ہے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کارفور پاکستان کے کنٹری منیجر، عمر لودھی نے کہا، "ہم اپنے توسیعی منصوبوں کے ذریعے مقامی معیشت میں اپنے تعاون کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں اور گوجرانوالہ میں اس ہائپر مارکیٹ کا آغاز اس عزم کا اظہار ہے۔

یہ ہمارے لئے بھی ایک فخر کا موقع ہے جس میں ہم مشترکہ مقاصد کے حصول بشمول مقامی سطح پر پائیدار ترقی کے ذریعے حکومت پاکستان کی معاشی بحالی کی کاوشوں میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔” پاکستان بھر میں 700 سے زائد پارٹنرز کے ساتھ کارفور نے علاقائی سطح پر حاصل مصنوعات کے ذریعے مقامی معیشت میں اپنا تعاون جاری رکھا ہوا ہے۔

پاکستان کی معیشت کو آگے بڑھانے کے عزم کے ہمراہ، کارفور اپنی ترقی کے سفرمیں کاروباری شراکت داریوں کو مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ صارفین کو جدید انداز سے ریٹیل کی خدمات کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔ اپنے دس اسٹورز کے ذریعے معیاری مصنوعات کی سہل انداز سے خریداری کی سہولت کے ساتھ کارفور صارفین کو اپنی کارفور پاکستان ایپ کے ذریعے متبادل طریقے سے خریداری اور ڈیلیوری سروس فراہم کرتا ہے۔ یہ ایپ گوگل پلے اسٹور اور ایپل کے ایپ اسٹور سے ڈان لوڈ کی جاسکتی ہے۔