میڈرڈ۔4مئی (اے پی پی):سپین کے نامور ٹینس سٹار ، عالمی نمبر دو اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز اور کروشین ٹینس سٹار بورنا کوریک اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے میڈرڈ اوپن ٹینس مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے ۔ 19 سالہ ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں حریف روسی ٹینس سٹار کیرن خچانوف کو شکست دے کر ٹاپ فور کے لئے کوالیفائی کیاجبکہ کروشین ٹینس سٹار بورنا کوریک نے حریف جرمن کھلاڑی ڈینیل آلٹمیئر کو شکست دی۔
میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ سپین میں جاری ہے۔سپین کے نامور ٹینس سٹار ، عالمی نمبر دو اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روسی حریف کھلاڑی کیرن خچانوف کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 5-7 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیاجہاں ان کا مقابلہ کروشین ٹینس سٹار بورنا کوریک سے ہوگا ۔
انہوں نے کوارٹر فائنل میچ میں حریف جرمن کھلاڑی ڈینیل آلٹمیئر کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 3-6سے ہرا کر ٹاپ فور رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔