کارلوس الکاراز اور ڈینیئل مدویدیف ومبلڈن اوپن ٹینس مینز سنگلز سیمی فائنل میں داخل

124
Wimbledon Open Tennis

لندن۔10جولائی (اے پی پی):سپین کے شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز اور روس کے نامور ٹینس سٹار ڈینیئل مدویدیف ومبلڈن اوپن ٹینس میں اپنی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے ۔ 21سالہ سپین کے شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز نے مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں 27 سالہ امریکی حریف کھلاڑی ٹامی پال کو شکست دے کر ٹاپ فور رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیاجبکہ روسی ٹینس سٹار ڈینیئل مدویدیف نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں 22سالہ اطالوی حریف ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ جینک سنر کو مات دے کر سیمی فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔

سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔ مردوں کے سنگلز مقابلوں کے پہلے کوارٹر فائنل میچ میں تین گرینڈ سلام ٹائٹلز کے چیمپئن اور میگا ایونٹ کے دفاعی چیمپئن 21 سالہ ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے27 سالہ امریکی حریف کھلاڑی ٹامی پال کو 7-5، 4-6، 2-6 اور 2-6 سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ روسی ٹینس سٹار ڈینیئل مدویدیف نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے رواں سال آسٹریلین اوپن کے چیمپئن اور میگا ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ جینک سنر کو انتہائی سخت مقابلے کے بعد 7-6(9-7)،4-6،6-7(4-7)،6-2 اور 3-6سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔