
اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاہے کہ حکومت سرمایہ کاری کے شعبہ میں اصلاحات اورکاروبارمیں سہولیات فراہم کرنے کے ذریعہ تاجراورصنعت کاربرادری کے اعتماد کوفروغ دینے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹرپرجاری پیغام میں انہوں نے کہاکہ اکتوبر2019 میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی شرح میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 151 فیصد اضافہ ہواہے، گزشتہ سال اکتوبرمیں ملک میں 126.5 ملین ڈالرمالیت کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی۔رواںسال اکتوبرمیں ملک میں 317 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ جاری مالی سال کے پہلے 4 مہینوں میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 733 ملین ڈالرریکارڈکیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 9.1 فیصد زیادہ ہے۔ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاکہ حکومت سرمایہ کاری کے شعبہ میں اصلاحات اورکاروبارمیں سہولیات فراہم کرنے کے ذریعہ تاجراورصنعت کاربرادری کے اعتماد کوفروغ دینے کیلئے اقدامات کاسلسلہ جاری رکھے گی۔ واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے چارمہینوں میں چین پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کرنے والے بڑے ملک کی حیثیت سے سامنے آیا ہے، اس عرصہ میں چین نے پاکستان میں 332.3 ملین ڈالر اورمالٹانے 74.1 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی ہے ، جاری مالی سال میں نیدرلینڈ51.5 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے ساتھ تیسرے نمبر پرہے۔سب سے زیادہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری بجلی کے پیداواری شعبہ میں ہوئی جہاں سرمایہ کاری کاحجم 352.3 ملین ڈالرریکارڈکیا گیا۔ فنانشل بزنس کے پیداواری شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 118.5 ملین ڈالر اورتیل وگیس کے پیداواری شعبہ میں 83.1 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی۔