اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):کاروباری برادری نے سعودی عرب کی جانب سے سٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالرڈیپازٹ کرنے کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ اس سے نہ صرف زرمبادلہ کے ذخائر بلکہ روپیہ کی قدرمیں بھی اضافہ ہوگا۔
ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے ’’اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ سعودی عرب نے ڈیپازٹ کیلئے جو رقم سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں رکھی ہے اس سے ملکی معیشت کو سہارا ملا ہے ،اس اقدام کے بعد عالمی بینک،ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر ادارے بھی پاکستان کی معاونت کیلئے آگے آئیں گے جس سے ملکی معیشت اور زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے اس اقدام کے بعد آج سٹاک مارکیٹ میں بھی بہتری دیکھنے میں بھی آئی ہے جس کے بعد سٹاک مارکیٹ 45 ہزار پوائنٹس کی حد کو عبور کر گیا اور ڈالر کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر دیگر ممالک کی جانب سے بھی مدد کی گئی تو ملک ترقی کی منازل طے کرے گا۔انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کو بھی چاہئے کہ پاکستان کی مدد کریں۔
پاکستان بزنس فورم کے صدر اعجاز تنویر نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان میں سعودی عرب کی جانب سے دوارب ڈالر جمع کرانے کے بعد زر مبادلہ کے ذخائر تقریباً 11.75 ارب ڈالر ہو گئے ہیں۔ دو ارب ڈالر ڈیپازٹ کے بعد ڈالر کی قیمت میں کمی واقع ہو گی اور اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری رجحان بھی بہتر ہو گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اس مشکل وقت میں ان پیسوں کی ضرورت تھی جو سعودیہ نے بطور بہترین دوست کے اسٹیٹ بینک میں بطور ڈپازٹ رکھوائے اس سے نہ صرف روپے کی قدر میں اضافہ ہو گا بلکہ سٹاک مارکیٹ پر بھی ایک مثبت اثر آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط میں سے یہ شرط بھی تھی کہ دوست ممالک اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں جس کی ابتدا سعودی عرب نے ان دو ارب ڈالرز کی معاونت کی صورت میں کر دی ہے تاہم ہمیں معیشت میں بہتری کیلئے مزید اقدامات کرنے ہوں گے جن کے دور رس نتائج حاصل ہوں۔