اسلام آباد ۔ 19 فروری (اے پی پی) وفاقی دارالحکومت کی کاروباری برادری نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان میں 20 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے ”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے آئل ریفائنری، مائنز، منرل، سیاحت، سپورٹس، کلچر اور دیگر شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے مشرق وسطیٰ کے ممالک اور پاکستان کے بزنس تعلقات میں بہت بہتری آئے گی۔ احمد حسن مغل نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے بھاری سرمایہ کاری سے دوسرے ممالک کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راہ ہموا ر ہوگی، سرمایہ کاری سے ملک کی معیشت میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی ہے۔