24.9 C
Islamabad
پیر, مئی 12, 2025
ہومعلاقائی خبریںکاروباری برادری کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، ڈاکٹر...

کاروباری برادری کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی

- Advertisement -

اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):وزارت تجارت کے پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے کہا ہے کہ تاجر برادری پاکستانی معیشت کی اصل محرک ہے اور حکومت درپیش چیلنجز سے ترجیحی بنیادوں پر نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر ہاؤس میں منعقدہ ’’اڑان پاکستان وژن، ایکسپورٹ ریگولیٹری چیلنجز اینڈ کیپیسٹی بلڈنگ فار دی ایکو سسٹم‘‘کے عنوان سے ایک انٹرایکٹو سیشن کے دوران کیا۔ڈاکٹر علی بھٹی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اہم چیلنجوں کے باوجود حکومت کی ثابت قدمی اور وزیراعظم شہباز شریف کی وژنری قیادت میں تاجر برادری کے تعاون، محنت اور لگن سے ملک مشکل وقت سے نکلنے میں کامیاب ہو ا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر دونوں کو ’’اڑان پاکستان وژن‘‘ کی کامیابی کے لئے متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت کواجاگرکیا جو پاکستان کی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے برآمدات، ڈیجیٹل تبدیلی اور پائیداری پر مرکوز ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ وزارت تجارت کاروبار کے لئے زیادہ شفاف اور قابل رسائی ماحول پیدا کرنے کے لیے کاروباری رہنماؤں اور کاروباری افراد کی استعداد کار میں اضافے سمیت تمام ضروری اقدامات کو اپنانے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے کے لئے چیمبر کی قیادت اور متعلقہ محکموں بشمول کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور وزارت داخلہ کے اعلی حکام کے درمیان ملاقاتوں کا اہتمام کرنے کا بھی عہد کیا۔قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ناصر منصور قریشی نے وزیراعظم شہباز شریف کے ’’اڑان پاکستان وژن‘‘ کو سراہا اور اس سلسلے میں کاروباری برادری کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا تاہم انہوں نے کاروبار کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے اور ریگولیٹری فریم ورک جو سٹارٹ اپس، انٹرپرینیورشپ اور دیگر ضروری سہولیات کے فروغ میں معاونت کرتے ہیں کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی افسران تاجر برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور قومی برانڈز کے فروغ کے لئے تعاون فراہم کریں جو کہ قومی عزت و تکریم کی علامت ہیں۔ آئی سی سی آئی کے صدر نے خصوصی طور پر اسلام آباد کی کاروباری برادری کے لئے انڈسٹریل سٹیٹ کے لئے جگہ وقف کر نےکی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انڈسٹریل ایریا ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر اور آئی سی سی آئی کے سابق ایس وی پی محمود وڑائچ نے صنعتی شعبے کو درپیش اہم مسائل، خاص طور پر ٹریڈ چینج کے حوالے سے بھاری ٹیکسز کا ذکر کیا۔ ایگزیکٹو ممبر چوہدری ندیم احمد اور آئی سی سی آئی کے صدر کے سینئر ایڈوائزر نعیم صدیقی نے بھی حکومت کی طرف سے کاروبار کے فروغ کے لئے کاروبار دوست اور جرأتمندانہ فیصلوں پر زور دیا۔

سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی نے اقتصادی ترقی میں ایس ایم ایز کی اہمیت پر زور دیا اور ان کی ترقی کے لیے ضروری مراعات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے حکومت کے شانہ بشانہ کام کرنے کے لئے چیمبر کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔دیگر نمایاں شرکاء میں نائب صدر ناصر محمود چوہدری، ایگزیکٹو ممبر راجہ نوید ستی، عمیر عبدالناصر، ثناء اللہ، علی نواز، عتیق الرحمان، ذوالقرنین عباسی، اسحاق سیال اور کونسل ممبر چوہدری مسعود شامل تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=560814

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں