مظفر آباد ۔20نومبر (اے پی پی):آزادکشمیر کی وزیرسمال انڈسٹریز وٹریڈ اینڈ ٹریول پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا ہے کہ کاروباری خواتین کو سہولیات فراہم کر انہیں مرکزی دھارے میں شامل کریں گے۔ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تمام اداروں کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ تمام بینک خواتین اکاؤنٹ ہولڈر کی شرح میں اضافے کے لیے مہم شروع کریں اور انہیں چھوٹے کاروبار کے لیے آسان شرائط پر قرضے دیں۔ خواتین کو ہوم بیسڈ انڈسٹریز کے قیام کے لیے تربیت فراہم کرنے کے علاوہ انہیں قرضے بھی دیں گے۔ خواتین کو مصنوعی ذہانت کی تربیت دینے کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”ورلڈ وویمن انٹرپینور ڈے” کے حوالہ سے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف منیجر سٹیٹ بینک عمر شہزاد، ڈپٹی چیف نائلہ محبوب،ڈپٹی چیف منیجر خواجہ احتشام سمیت تمام بینکوں کے نمائندگان اور کاروباری خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد غربت کے خاتمے اور پائیدار ترقی کی رفتار کو تیز کرنے میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری شعبے کے کردار سے فائدہ اٹھانا ہے۔ حکومت آزادکشمیر چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
اسوقت ہماری معیشت بہت کمزور ہے اس کو مستحکم کرنے میں گھریلو صنعتوں کا فروغ ضروری ہے۔ آزادکشمیر میں فارم، شیپ فارم اور گھریلوں صنعتوں کا پوٹینشل موجود ہے۔ خواتین کو قرضوں کی فراہمی میں ترجیحی دی جائے گی۔ ہم اس خطے کے کاروباری افراد کو سہولیات دے کر ریاست کو ایک ماڈل سٹیٹ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بینک خواتین کے بینک اکاؤنٹ کھولنے کی مہم کا آغاز کریں، سمال انڈسٹریز بھی اس سلسلہ میں مکمل تعاون کرے گا تاکہ خواتین اپنے اکاونٹ کے ذریعے اپنے نام پر قرضے لے کر اپنا کاروبار کر سکیں۔
اس موقع پر وزیر حکومت نے چیف منیجر سٹیٹ بینک اور کاروباری خواتین کو سرٹیفیکیٹ اور شیلڈ بھی دیں۔ اس پر انہوں نے بینک نمائندگان اور کاروباری خواتین کے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔