اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈار نے کہاہے کہ حکومت کاروبار میں آسانی اور ملکی معیشت میں استحکام و نمو لانے کے لیے دانشمندانہ اقتصادی پالیسی اقدامات اٹھارہی ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاں جنوبی ایشیا اورمشرق وسظی کیلئے کوکاکولا کے علاقائی صدر احمد خورشید ارٹین کی قیادت میں کمپنی کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
احمد خورشید ارٹین نے وزیر خزانہ کو کمپنی کے پروفائل، کاروباری سرگرمیوں کی آپریشنل نوعیت اور ملک کے مجموعی جی ڈی پی میں کمپنی کے اہم اقتصادی ساجھے داری سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو کمپنی کو درپیش مسائل بالخصوص ٹیکس سے متعلق معاملات سے بھی آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ نے محصولات میں اضافہ کے ذریعے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کمپنی کے کردار کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ حکومت کاروبار کرنے میں آسانی،ملکی معیشت میں استحکام اور نمو لانے کے لیے دانشمندانہ اقتصادی پالیسی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے وفد کو کاروبار اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے لیے حکومت کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔ احمدخورشید نے کمپنی کے مسائل سننے کے لیے وقت نکالنے اور کمپنی کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنے تعاون کا یقین دلانے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔