کراچی۔ 07 مارچ (اے پی پی):گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کاروبار میں جدت لانے والے نوجوان پاکستان کا سنہری مستقبل ہیں، صنعت کار، سرمایہ کار اور کارپوریٹ سیکٹرتخلیقی صلاحیت کے حامل ان نوجوانوں کی سرپرستی کریں۔
جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن آ ف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ” لانچ پیڈ پاکستان “ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ، سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں ،سفارت کار، قونصل جنرلز،تجارتی مشیران، صنعتکارسمیت سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد شریک تھی ۔ گورنرسند ھ نے مزید کہا کہ ایف پی سی سی آئ اور "لانچ پیڈ پاکستان” کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ ”لانچ پیڈ پاکستان “ ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا۔اس سے کاروباری ترقی ، سرمایہ کاری کے فروغ اور جدت میں اضافہ یقینی ہے۔
یہ ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں نوجوان اپنے خوابوں کو حقیقت کا روپ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ معیشت کی جدت و ترقی میں ٹیکنالوجی کے اہمیت مسلمہ حقیقت ہے۔اس سے نوجوان کاروباری ذہنوں کو رہنمائی، وسائل اور مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ میرا تعلق بھی ایک بزنس فیملی سے ہے۔
بزنس کے لئے پْرامن ماحول انتہائی ناگزیر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو محفوظ ماحول کی ضرورت ہوتی ہے اس ضمن میں صوبائی وزیر تجارت کو سرمایہ کاروں کو حوصلہ دینا چاہئے