اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے کارپوریٹ ری سٹرکچرنگ کمپنیوں میں بہتر رسک مینجمنٹ اور شفافیت کے پیش نظر کمپنیوں کے ڈائریکٹرز، بورڈ کے اراکین اور چیف ایگزیکٹو افسران کے لئے موزوں اور مناسب ( فٹ اینڈ پراپر) کا معیار لاگو کر دیا ہے۔
اس حوالے سے جاری کئے گئے سرکلر کے مطابق ان کمپنیوں کے کلیدی عہدوں پر تعیناتی کے خواہشمند افراد کی مناسبیت کا جائزہ لیتے وقت ، درخواست گزار کے ٹریک ریکارڈ، قابلیت ، تجربہ اور کارپوریٹ ری سٹرکچرنگ کے کاروبار کے ساتھ ممکنہ مفادات کے تصادم جیسے عوامل کا جائزہ لیا جائے گا۔ اہم بات یہ ہے کہ ان معیارات کی تعمیل دائمی ہے،ان کمپنیوں کے عہدیدار ان معیارات کی پابندی کو یقینی بنانے کے پابند ہیں۔
ان کمپنیوں کے عہدیداران اگر کسی بھی وجہ سے ان معیارات کے پابند نہیں رہتے تو کمپنی کا بورڈ اس بات کا پابند ہے کہ وہ فوری طور پر فٹ اینڈ پرا پر معیا ر پر پورا نہ اترنے والے عہدیدار کو کام سے روکے اور نئے موزوں امیدوار کو تعینات کرنے کے اقدامات کرے۔
کارپوریٹ ری سٹرکچرنگ کے شعبے میں معیارات کے نفاذ سے ان کمپنیوں کے لئے لائسنسنگ کے طریق کار میں شفافیت پیدا ہو گی اور اس سیکٹر میں اعتماد کو فروغ ملے گا۔ مزید برآں پروموٹرز، بڑے شیئر ہولڈرز (باڈی کارپوریٹ کے علاوہ)، مجوزہ ڈائریکٹرز اور سی آر سی کے مجوزہ چیف ایگزیکٹو آفیسر کی طرف سے فراہم کی جانے والی معلومات بارے رہنمائی کے لئے سرکلر کے ساتھ ضمیمہ منسلک کر دیا گیا ہے۔
یہ سرکلر فوری طور پر نافذ العمل ہے اور تمام کارپوریٹ ری سٹرکچرنگ کمپنیوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ سرکلر کی ہدایات پر عمل کریں۔ فٹ اینڈ پراپر کا سرکلر کمیشن کی ویب سائٹ پر فراہم کر دیا گیا ہے۔