”کارکے” تنازعہ میں پاکستان پر عائد 1.2 ارب ڈالرز جرمانے کی معافی وزیراعظم کی بڑی کامیابی ہے،سیف اللہ خان نیازی

اسلام آباد ۔ 5 نومبر (اے پی پی) چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی نے ''کارکے'' تنازعہ میں پاکستان پر عائد 1.2 ارب ڈالرز جرمانے کی معافی کو وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی بڑی کامیابی قراردیتے ہوئے حزب مخالف کی جماعتوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے، اس عظیم کامیابی پر وزیراعظم عمران خان اور وفاقی حکومت مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ قوم …

اسلام آباد ۔ 5 نومبر (اے پی پی) چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی نے ”کارکے” تنازعہ میں پاکستان پر عائد 1.2 ارب ڈالرز جرمانے کی معافی کو وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی بڑی کامیابی قراردیتے ہوئے حزب مخالف کی جماعتوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے، اس عظیم کامیابی پر وزیراعظم عمران خان اور وفاقی حکومت مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ قوم کو دیانتدار اور اچھی ساکھ کی حامل قیادت کے ثمرات قوم کو ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بھاری جرمانے سے بچانے کیلئے ترک صدر کی وزیراعظم عمران خان سے معاونت پاکستان سے ان کی محبت اور حکومت پر اعتماد کی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وہ حکومت آئی ہے جو قوم کی ایک ایک پائی کے تحفظ کیلئے کوشاں ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر کے مطابق تجربے اور قابلیت کی دعویدار جماعتوں نے قوم کے سر پر کارکے رینٹل جیسی آلائشیں دیں جبکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت ملک کو ریکوڈک کی دلدل سے نکالنے کیلئے بھی شب و روز محنت کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا آج الحمداللہ دیانت اور امانت کی حامل قیادت پر اعتماد کر رہی ہے، وفاقی حکومت کی شفاف اور مؤثر پالیسیوں کے باعث سرمایہ کار پاکستانی معیشت میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں اور عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کے معاشی مستقبل میں غیر معمولی اٹھان کی خبر دے رہے ہیں۔ سیف اللہ خان نیازی کے مطابق پاکستان کو کرپشن اور غیرشفافیت کی دلدل میں دھکیلنے والے آج کنٹینر پر کھڑے ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ قوم وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر غیرمتزلزل اعتماد رکھتی ہے اور قومی مفاد میں انکے اقدامات کو تہہ دل سے سراہتی ہے۔