
سیالکوٹ۔2اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین ٹاسک فورس پنجاب برائے پرائسز سلمیٰ بٹ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کاشتکاروں ،تاجروں، آڑھتیوں اور ٹریڈرز کے مسائل کو حل کرنے کیلئے پرائس، سپلائی اور ڈیمانڈ میکنزم میں بڑی اصلاحات لائے گی، سبزیوں اور اجناس کی پیداوار میں اضافہ کیلئے کاشتکاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کسان کارڈ کا اجراء اور صوبے میں قابل کاشت اراضی کی میپنگ کرکے کاشتکاری کے استعمال کیلئے کام کا آغاز کردیا گیا ہے، سپلائی اینڈ ڈیمانڈ مینجمنٹ کے ادارے کے قیام سے اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل سپلائی کیلئے امپورٹ لائسنس دیئے جائیں گے۔
یہ بات انہوں نے ضلع سیالکوٹ کی تاجر کمیونٹی کے نمائندگان، ضلعی پرائس کمیٹی کے اراکین ، سول سوسائٹیز اور صارفین کے نمائندگان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سلمیٰ بٹ نے کہا کہ سبزی منڈیوں کی ڈیجٹیلائزیشن کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے جبکہ صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنے کیلئے پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ( پیرا) کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔پیرا کے اپنے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ہونگے جن کا کام صرف پرائس چیکنگ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بے ہنگم نہیں، منظم پنجاب کے تحت شہروں میں صاف ستھرے ریڑھی بازار لگائے جارہے ہیں،جس سے تجاوزات کا بھی خاتمہ ہوگا اور ٹریفک کے مسائل حل ہونگے ،منظم پنجاب کے تحت قائم ریڑھی بازاروں میں کنٹرول ریٹس پر معیاری اشیاء خوردونوش کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منڈیوں میں اشیائے خوردونوش کی نیلامیوں کے عمل کو مانیٹر کررہے ہیں،اشیاء خوردونوش کی بلا تعطل کنٹرول ریٹ پر ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے سپلائی چین مینجمنٹ کا ادارہ قائم کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پرائس کا ایسا نظام لانا چاہتے ہیں جس کو کوئی شخص چیٹ نہ کرسکے۔ سلمیٰ بٹ نے کہا کہ حکومت تاجر کمیونٹی کے مسائل سے بخوبی واقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر فائلر بنیں اور اپنے بزنس کو ڈاکومنٹ کرکے کاروبار کو وسعت دیں اور حکومتی پالیسی سے استفادہ حاصل کریں،حکومت کسی طبقے کو دبانا نہیں چاہتی بلکہ شفاف نظام لانا چاہتی ہے۔ جنرل سیکرٹری مرکزی انجمن تاجران شیخ جاوید حیدر، ممبر پرائس کنٹرول کمیٹی خالد بٹ، ملک تاج، صدر کریانہ ایسوسی ایشن عقیل کپور اور شیخ حبیب الرحمن نے تاجر مسائل سے چیئرمین ٹاسک فورس کو آگاہ کیا اور ان مسائل کے حل کیلئے تجاویز اور آراء پیش کی۔قبل ازیں چیئرمین ٹاسک فورس برائے پرائسز پنجاب سلمی بٹ نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے بھی خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنے علاقوں میں روٹی سمیت اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ صرف جرمانوں کو کافی نہ سمجھیں ،اصل کام قیمتوں پر عملدرآمد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائس لسٹ کی بروقت ترسیل اور دکانوں اور ریڑھیوں پر نمایاں جگہ پر آویزاں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس پنجاب قیمت ایپ پر صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔