فیصل آباد۔ 14 اپریل (اے پی پی):کاشتکاروں کوآئندہ ایام میں اچھی طرح فصل پک کر تیار ہو جانے کی صورت میں گندم کی کٹائی شروع اوراگلے سال کیلئے بیج کی تیاری سے قبل فصل کو جڑی بوٹیوں، کانگیاری اور غیر اقسام کے پودوں سے صاف کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ کاشتکار اس ضمن میں کسی غفلت و کوتاہی کامظاہرہ نہ کریں اور فصل کی ہرقسم کیلئے الگ الگ کھلیان لگائیں نیز گہائی سے پہلے اور بعد میں تھریشر یا کمبائن ہارویسٹرکو اچھی طرح صاف کرلیں اور پہلی ایک یادو بوریوں کا بیج نہ رکھیں۔
علاوہ ازیں بوریوں میں بیج ڈالتے وقت گندم کی قسم کانام ضرور لکھیں اور بیج کیلئے محفوظ کئے جانیوالے دانوں میں نمی کاتناسب بھی 10فیصد سے کسی صورت زائد نہ ہو نے دیں تاکہ گندم کی پیداوار کو نقصان سے بچایاجاسکے۔ جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کہاکہ کاشتکار اپنی فصل کی سنبھال اور ذخیرہ کا بھرپور انتظام کریں تاکہ یہ سنہری دانہ جو انہوں نے سخت محنت سے پیداکیاہے ضائع ہونے سے بچ سکے جو کاشتکاروں کی خوشحالی کیساتھ ساتھ ملک وقوم کی معاشی بحالی کاذریعہ بھی ہے۔
انہوں نے کہاکہ کاشتکار فصل کی سنبھال کیلئے کٹائی و گہائی سے پہلے ہی مزدوروں، تھریشر، ٹریکٹر، ترپال، پلاسٹک چادر، کمبائن ہارویسٹر کا انتظام کرلیں۔ انہوں نے کہاکہ گندم کی کٹائی فصل پوری طرح پکنے پر کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کٹائی کے دوران بارش ہو جائے تو اس صورت میں کٹائی فوری روک دی جائے اور اسے دوبارہ اس وقت تک شروع نہ کیاجائے جب تک موسم ٹھیک نہ ہوجائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581603