فیصل آباد۔ 17 فروری (اے پی پی):نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کاشتکاروں سے کہا کہ مکئی کی کاشت کیلئے بھاری میرازمین کاانتخاب کیاجائے جو پانی بخوبی جذب کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔ انہوں نے کہاکہ اگر ڈرل یا پلانٹر کے ساتھ ہموار کھیت میں فصل کاشت کرنی ہو توکاشتکار 12 سے 15 کلو گرام فی ایکڑ بیج استعمال کرکے اسی وتر میں کریں اور اگر وٹوں پر کاشت کرنی ہو تو پھر ٹریکٹر کے ساتھ وٹیں بناکر 8 سے 10 کلو گرام بیج کا ایک ایک دانہ مناسب فاصلہ پر لگاکر پانی لگا ئیں لیکن پہلا پانی لگانے میں احتیاط کریں کہ پانی زیادہ اونچا وٹوں پر نہ چڑھ جائے ورنہ اگاؤ متاثر ہوگا یا پھر وٹوں کو پانی لگا کر مکئی کے بیج کا ایک ایک دانہ پانی کی ریز پر لگا ئیں اس طرح بیج کا اگاؤ بہترین ہوگا اور فصل سے مطلوبہ پیداوار حاصل ہوسکے گی۔
انہوں نے بتایا کہ مکئی کی کا شت کیلئے بھاری میرا زمین جو پا نی کو بخوبی جذب کرسکے اور اس کی پی ایچ 7.5 کے قریب ہو، نہا یت موزو ں ہے۔انہوں نے کہاکہ مکئی کی اچھی پیداوار لینے کیلئے کھیت کی سطح ہموار ہونا بہت ضروری ہے تاکہ پانی ایک جیسا لگے چونکہ اس موسم میں زیادہ تر مکئی وٹوں پر کاشت کی جاتی ہے اسلئے اگر کھیت ہموار نہیں ہوگا تو پانی لگانے سے کہیں تو پانی وٹوں کے اوپر چڑھ جائے گا اور کہیں نیچے رہ جائے گا جس سے نہ صر ف اگاؤ متاثر ہوگا بلکہ بعد میں بڑھوتری بھی متاثر ہوگی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=561821