کاشتکاروں کوچنے کی بہترین پیداوار حاصل کرنے کے لئے پودوں کی تعداد 85سے 95ہزار فی ایکڑ رکھنے کا مشورہ

259
زراعت

فیصل آباد ۔ 07 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد خالد محمودنے کہا کہ کاشتکار چنے کی بہترین پیداوار حاصل کرنے کیلئے پودوں کی تعداد 85سے 95ہزار فی ایکڑ رکھیں ۔ انہوں نے بتایاکہ چنا موسم ربیع کی ایک انتہائی اہم پھلی دار فصل ہے اور پنجاب میں 24 لاکھ63 ہزار ایکڑ رقبہ پراس کی کاشت کی جاتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ پاکستان میں چنے کی کاشت کے کل رقبے کا 81 فیصد پنجاب پر مشتمل ہے جبکہ پنجا ب میں چنے کی کاشست کا92فیصد رقبہ بارانی علاقوں پر محیط ہے جن میں تھل، بھکر،خوشاب، لیہ، میانوالی، جھنگ کے اضلاع شامل ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ عام جسامت کے دانوں والی اقسام کا 30کلو گرام صاف ستھرا، خالص، صحت مند، منظور شدہ بیج فی ایکڑ استعمال کرناچاہیے تاہم کابلی چنے کی موٹے دانوں والی اقسام کی صورت میں بیج کی شرح 35 کلوگرام فی ایکڑ سے کم نہ رکھی جائے۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جاسکتاہے۔