فیصل آباد۔ 02 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ کماد کی بہاریہ فصل کی کاشت کیلئے زمین کو اچھی طرح تیار کریں اور فصل کی کاشت کیلئے پانی کے اچھے و موزوں نکاس والی بھاری میرا زمین کا انتخاب کیاجائے تاہم بھاری میرا زمین کی عدم دستیابی کے باعث کماد کی بہاریہ فصل کی کاشت کیلئے میرا اور ہلکی میرا زمین بھی کارگر ثابت ہو سکتی ہے جہاں ماہرین زراعت کی مشاورت سے کماد کی بہاریہ فصل کاشت کرکے بہتر پیداوار کا حصول ممکن بنایا جاسکتاہے۔
ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل ۱ٓبادچوہدری خالد محمودنے کاشتکاروں سے کہا کہ اگر کماد کی فصل مونجی کے وڈھ میں اور کپاس کے بعد کاشت کرنی ہوتو ان فصلات کی برداشت کے بعد روٹا ویٹر یا ڈسک ہیرو چلا کر پچھلی فصل کی باقیات کو زمین میں ملادیاجائے اور بعد میں کم گہری 8 سے10 انچ والی کھیلیوں کیلئے 2مرتبہ مٹی پلٹنے والا ہل ضرور چلایا جائے۔
انہوں نے کہاکہ اگر زیادہ گہری کھیلیاں 18 انچ بنانی ہوں تو سب سائیلر کا استعمال کیا جا سکتا ہے اس کے بعد کاشتکار زمین کو ہموار کرلیں۔ انہوں نے کہاکہ ہموار زمین میں گہرا ہل چلا کر مناسب تیاری کے بعد سہاگہ لگایا جائے تو مناسب ہے اس کے بعد رجر کے ذریعے 10 سے12 انچ کی گہری کھیلیاں 4فٹ کے فاصلے پر بنائی جائیں اوران میں فاسفورسی اور پوٹاش کی کھادیں ڈالی جائیں۔