کاشتکاروں کو بہتر پیداوارکے لئے تربوز کا1کلو صحتمند بیج فی ایکڑ جبکہ دوغلی اقسام کا نصف کلوبیج فی ایکڑ استعمال کرنے کی سفارش

182
watermelon

فیصل آباد۔ 13 فروری (اے پی پی):تربوز کے کاشتکاروں کو اگیتی فصل کی کاشت فوری شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آبادنے کاشتکاروں کو آگاہ کیاکہ تربوز کی کاشت کیلئے ذرخیز ریتلی ایسی میرازمین جس میں پانی کے نکاس کا مناسب انتظام ہو بہترین نتائج کی حامل ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ تربوز کے کاشتکار فصل کی کاشت سے قبل زمین کو اچھی طرح ہموار کرکے گوبر کی گلی سڑی کھاد15سے20ٹن فی ایکڑ ڈالیں اور ہل چلاکر اسے زمین میں مکس کر دیں۔ انہوں نے کہاکہ زمین کو اچھی طرح تیار کرنے کیلئے مٹی پلٹنے والا ہل چلانے سمیت 3سے4 مرتبہ عام ہل چلا کر سہاگہ دیدیاجائے تاکہ زمین اچھی طرح نرم و بھربھری ہو جائے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار تربوز کی بہترین فصل حاصل کرنے کیلئے اچھی روئیدگی والا ایک کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کرسکتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ بروقت کاشت کی صورت میں تربوز کا پھل جون جولائی میں برداشت کیا جاسکتاہے۔

انہوں نے بتایاکہ شوگر بے بی محکمہ کی منظور شدہ قسم ہے جو نسبتاََ کم دنوں میں تیار اور اگیتی کاشت کیلئے موزوں ہے۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ پھل کا اوسط وزن 4سے 5کلو گرام ہوتا ہے اور یہ قسم پنجاب کے میدانی علاقوں میں بہت کامیابی سے کاشت کی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ تربوز کی کاشت کیلئے 1کلوگرام صحت مند بیج فی ایکڑ کافی ہے جبکہ دوغلی اقسام کیلئے نصف کلوگرام بیج کافی ہوتاہے۔انہوں نے سفارش کی کہ تربوز کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے اسے اچھے نکاس والی زرخیز ریتلی میرازمین میں کاشت کرنا چاہیے۔