فیصل آباد ۔ 06 جنوری (اے پی پی):کاشتکاروں کو بینگن کی پنیری کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے فوری اقدامات کی سفارش کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ شدید موسم سرما، دھند،سموگ اورکورے کے باعث بینگن کی پنیری پر تنے کے گلاؤ کی بیماری کا حملہ ہو سکتاہے جو پودوں کو نقصان پہنچاسکتی ہے لہٰذا کاشتکار پنیری پر گہری نظر رکھیں اور تنے کے گلاؤ کی بیماری کے حملہ کی ابتدائی علامات ظاہر ہوتے ہی اس کے تدارک کیلئے اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ دیگر پودوں میں اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن،پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈزمحکمہ زراعت فیصل آباداسرارارشد نے کہا کہ بیماری کے جراثیم جڑ سے اوپر زمین کے قریب تنے پر حملہ آور ہوتے ہیں جس سے تنے پر پہلے ہلکا سیاہ یا بھورا نشان بنتاہے جو بعد ازاں پھیل کر دائرے کی شکل اختیار کرلیتاہے۔
انہوں نے بتایاکہ اس بیماری سے پودے کو خوراک کی ترسیل رک جاتی ہے اور پودے مرجھا جاتے ہیں اس طرح کاشتکاروں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرناپڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔