لاہور۔11نومبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نوازکی ہدایت پر پنجاب میں ٹماٹر اور پیاز کی پیداوار بڑھانے کے لئے پہلی مرتبہ پائیدار اقدامات کا آغاز کردیا گیاہے،جس کے تحت سبزیوں بالخصوص ٹماٹر اور پیاز کی میکانائزڈ فارمنگ کا پراجیکٹ لانچ کیا گیا ہے جس پر3 ارب روپے لاگت آئے گی۔وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر سبزیو ں کی میکانائز فارمنگ کے لئے پلانٹر،پرونرز، سپرئیر اور دیگر زرعی آلات پر 70 فیصد سبسڈی دی جائے گی۔
کاشتکار کو صرف 30 فیصد ادا کرنا ہوں گے اسی طرح ویلیو ایڈیشن کے لئے پلپنگ یونٹ، ڈرائر اور گریڈرز خریدنے پر بھی حکومت پنجاب 70 فیصد سبسڈی دے گی۔وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر زیر کاشت رقبے اورپیداوار میں اضافے کے لئے لودھراں، ملتان اور وہاڑی کے اضلاع کو پیازجبکہ ٹماٹر کے لئے خوشاب،شیخوپورہ اور مظفر گڑھ کے اضلاع کو منتخب کیا گیا ہے۔مذکورہ 6 اضلاع میں 25 ایکڑ تک اراضی مالکان کے فارمر انٹر پرائز گروپس بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔فارمر گروپس کو خصوصی طورپر فارمرز فیلڈ سکول میں جدید طریقہ زراعت اور سمارٹ طریقہ کاشت کے بارے میں ٹریننگ دی جائے گی۔
وزیراعلی مریم نوازکے ویژن کے مطابق فارمرز گروپس کو انٹرنیشنل مارکیٹ سے بھی منسلک کیا جائے گا ۔وزیراعلی مریم نواز نے کہنا ہے کہ پنجاب کے کاشتکار وں کو خوشحال اور خوش دیکھنا میرا عزم ہے۔پنجاب میں پہلی مرتبہ سبزیوں کی کاشت کے لئے باقاعدہ طورپر منظم او رمربوط پراجیکٹ شروع کئے کئے جا رہے ہیں۔
میکانائزڈ اور گروپ فارمنگ سے نہ صرف سبزیو ں کی پیداوار بڑھے گی بلکہ لاگت بھی کم ہوگی۔وزیراعلی مریم نواز نے کہاکہ ٹماٹراور پیاز عام آدمی کی روز مرہ کی ضرورت ہے ۔ٹماٹر اورپیاز مہنگے بیچنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔عام آدمی کی آسانی اور خوشی کے لئے ہر اقدام کریں گے۔وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے اور ٹیم کی شب و روز محنت سے پنجاب میں اشیائے خورد و نوش ہر صوبے کی نسبت سب سے سستی میسر ہیں اور اس کے ساتھ نرخ کی دن رات مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایگریکلچر ٹرانس فارمیشن پراجیکٹ کے لئے ہیلپ لائن 0800-17000 قائم کردی گئی ہے۔سبزیوں کی کاشت میں دلچسپی رکھنے والے کا شتکار ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ،فیس بک یا متعلقہ اصلاح آبپاشی دفاتر سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔