کاشتکاروں کو زیتون کی برداشت رواں ہفتہ کے دوران شروع کرنے کامشورہ

116
زیتون

فیصل آباد۔ 20 ستمبر (اے پی پی):کاشتکاروں کو زیتون کی برداشت رواں ہفتہ کے دوران شروع کرنے کامشورہ دیا گیا ہے جبکہ زیتون کی نئی فصل کی کاشت کیلئے پانی کے اچھے نکاس والی زمین کو موزوں قراردیاگیاہے۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان کے مطابق زیتون کاپھل عام طور پر ستمبرکے دوسرے ہفتے میں پک کر تیار ہو جاتاہے جسے بروقت برداشت کیاجاسکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ زیتون کی کاشت کے ذریعے ہر سال خوردنی تیل کی درآمد پر خرچ ہونے والا قیمتی زرمبادلہ بچا کر ملکی معیشت پر پڑنے والے بوجھ کو کم کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے بتایاکہ زیتون کی کاشت گرم معتدل درجہ حرارت والے علاقوں میں کی جاسکتی ہے جبکہ اس کی تجارتی کاشت 30 سے 45ڈگری شمالی عرض بلد اور جنوبی بلد کے ان علاقوں میں ہوسکتی ہے جہاں شدید سردی نہ پڑتی ہو۔

انہوں نے بتایاکہ زیتون کی زیادہ تر اقسام میں پھل اور پھول بنانے والی کلیوں کے بننے کے مراحل کیلئے بہار سے قبل سردیوں میں تقریباً2 ماہ کے عرصہ کیلئے روزانہ درجہ حرارت کا اتار چڑھاؤ زیادہ تر 1.5اور 15.5 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ ٹھنڈک کی یہ ضرورت پوری نہ ہونے کی صورت میں پھول اور پھل نہیں بن سکیں گے۔انہوں نے بتایاکہ تجربات کے بعد زیتون کی چند اچھی اقسام شمالی پنجاب کیلئے موزوں پائی گئی ہیں جو اس آب وہوا میں اچھی پیداوار دیتی ہیں۔