کاشتکاروں کو فصلوں پرسپرے کے بعد گوڈی یا بارہیرو کے استعمال سے گریز کی ہدایت

فیصل آباد۔ 29 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو سپرے کے بعدکھیتوں میں موجود جڑی بوٹیوں کو چارے کے طور پر ہرگز استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار زہریلی ادویات کے سپرے کے بعد جڑی بوٹیوں کو چارے کے طور پر مویشیوں، جانوروں بالخصوص بکریوں، گائے، بھینسوں وغیرہ کو ڈالنے سے گریز کریں کیونکہ سپرے کے زہریلے اثرات جہاں جڑی بوٹیوں کے ذریعے …

فیصل آباد۔ 29 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو سپرے کے بعدکھیتوں میں موجود جڑی بوٹیوں کو چارے کے طور پر ہرگز استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار زہریلی ادویات کے سپرے کے بعد جڑی بوٹیوں کو چارے کے طور پر مویشیوں، جانوروں بالخصوص بکریوں، گائے، بھینسوں وغیرہ کو ڈالنے سے گریز کریں کیونکہ سپرے کے زہریلے اثرات جہاں جڑی بوٹیوں کے ذریعے مذکورہ جانوروں کے پیٹ میں داخل ہو کر دودھ اور گوشت کی پیداوار کو بری طرح متاثر کرسکتے ہیں وہیں جانوروں اور مویشیوں کی زندگیوں کو بھی خطرات سے دوچار ہونا پڑ سکتاہے نیز زہر کے چھڑکاؤ کے بعد گوڈی یا بارہیرو کے استعمال سے بھی گریز کیاجائے تاکہ زہروں کا مؤثر اثر دیر تک برقرار رکھنے میں مدد مل سکے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع فیصل آباد محمد عامر صدیق نے کہاکہ موجودہ حالات میں گندم سمیت دیگر زرعی اجناس کی بہتر پیداوار کا حصول اشدضروری ہے۔

انہوں نے کہاکہ سپرے کے دوران انتہائی احتیاط سے کام لینا چاہیے اوراس دوران کوئی جگہ خالی نہیں رہنے دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ گندم کے کھیت کے خالی کناروں پر بھی اگر سپرے کر دیاجائے تو اس کے بھی بہترین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے ریتلے اور کلراٹھے علاقوں میں ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے زہروں کا سپرے کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔