27.1 C
Islamabad
پیر, مئی 12, 2025
ہومزرعی خبریںکاشتکاروں کو مرچ کی پنیر ی کو آئندہ ماہ کھیتوں میں منتقل...

کاشتکاروں کو مرچ کی پنیر ی کو آئندہ ماہ کھیتوں میں منتقل کرنے کا مشورہ

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 19 دسمبر (اے پی پی):کاشتکاروں کو مرچ کی پنیری جنوری کے مہینہ میں کھیتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار مرچ کی پنیری کی کاشت کیلئے ایسی ذرخیز میرازمین کاانتخاب کریں جس میں نامیاتی مادہ وافر مقدار میں موجود ہو کیونکہ ایسی زمین نمی دیر تک برقرار رکھنے کی صلاحیت کی حامل ہوتی ہے اور مرچ کی جڑیں زمین کے نیچے سے آسانی سے خوراک حاصل کرکے خوب نشوونما پاتی ہیں۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے مطابق کاشتکار مرچ کی پنیر ی کی کھیت میں منتقلی سے پہلے فی ایکڑ 10سے12 ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد میں 20کلو گرام یوریا ملا کر استعمال کریں اورکھیت کی آبپاشی بھی کی جائے نیز وتر آنے پر 2 سے 3 مرتبہ ہل بمعہ سہاگہ چلا کر زمین کو کھلا چھوڑ دیں تاکہ جڑی بوٹیاں کاشت سے پہلے اگ آئیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہاکہ جڑی بوٹیاں اگنے کے بعد دوبارہ ہل چلا کر جڑی بوٹیوں کی تلفی کرتے ہوئے کھیت کو کھلا چھوڑ دیاجائے تاکہ دھوپ لگنے سے زمینی بیماریوں کے جراثیم ختم ہوجائیں۔ انہوں نے کہاکہ زمین تیار کرنے کے بعد اڑھائی فٹ چوڑی اور 8 سے 10 انچ گہری کھیلیاں بناکر مرچ کی پنیری کی منتقلی کے وقت پنیری والے کھیت کی ہلکی آبپاشی بھی کی جائے اور پنیری کو کھیت سے وتر حالت میں اس طرح اکھاڑاجائے کہ اس کی جڑیں نہ ٹوٹنے پائیں۔

انہوں نے کہاکہ مرچ کی نرسری کے پودے کھیلیوں کے دونوں طرف ایک فٹ کے فاصلے پر لگاکر کھیت کو پانی لگادیاجائے۔انہوں نے پنیر ی کی منتقلی کے بعد فصل کوکورے کے اثرات سے محفوظ کرنے کیلئے شمالی ومغربی سائیڈ پر سرکنڈے وغیرہ کی باڑ لگانے کی بھی ہدایت کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=537533

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں