کاشتکاروں کو منتخب کردہ زرعی زہروں کے طریقہ عمل اور فارمولیشن سے آگاہی ہونی چاہیے، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد

236
کاشتکاروں کو منتخب کردہ زرعی زہروں کے طریقہ عمل اور فارمولیشن سے آگاہی ہونی چاہیے، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد

فیصل آباد۔ 26 ستمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو گندم، کپاس، مکئی، چاول، گنے کی فصلات کو کیڑوں و بیماریوں سے بچانے کیلئے سفار ش کردہ زہروں کے مناسب استعمال کی ہدایت کی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد خالد محمودنے کہاکہ کاشتکاروں کو منتخب کردہ زہروں کے طریقہ عمل اور فارمولیشن سے بھی آگاہی ہونی چاہیے کیونکہ رس چوسنے یا کُتر کر کھانے والے کیڑوں کے لیے مختلف طرز عمل کی زہریں استعمال ہوتی ہیں نیزکاشتکاروں کو زرعی زہریں استعمال کرنے سے پہلے کیڑے کی معاشی حد بھی معلوم ہونی چاہیے اور یہ بھی علم ہونا چاہیے کہ کیڑے کی زندگی کا کونسا دورانیہ چل رہا ہے اور کس دورانیے پر سپرے کرنے سے اثر زیادہ ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار سپرے کرنے سے پہلے مشین کو اچھی طرح صاف کرلیں تاکہ مشین کے اندر پہلے سے استعمال کی گئی زہروں کا اثر ختم ہو جائے۔انہوں نے کہا کہ فصلوں پر زہروں کا سپرے مناسب طور پر کرنے کے لیے صحیح مشین اور نوزل استعمال کی جائے تاکہ زہر پاشی سے مطلوبہ نتائج حاصل ہو سکیں نیز سپرے پمپ کی پھوار مناسب ہو اور اچھی طرح پودوں پرپھیل سکے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار نباتات کْش ادویات کا صرف اسی فصل پر سپرے کریں جس کے لیے سفارش کی گئی ہو۔