فیصل آباد۔ 17 اکتوبر (اے پی پی):نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو میدانی علاقوں میں آلو کی کاشت30اکتوبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب میں آلو کی 3فصلیں کاشت کی جاتی ہیں جن میں میدانی علاقوں میں اس کی 2فصلیں موسم بہاروموسم خزاں اورپہاڑی علاقوں میں ایک فصل موسم گرما میں کاشت ہوتی ہے۔ انہوں نےکہا کہ آلوکی سفید اقسام میں ڈایامنٹ، سانتے، بادشاہ، سلیمی، میلوڈی، چپس کے لیے استعمال ہونے والے آلو کی اقسام میں ہرمس، سٹرنا، لیٹونا، سرخ اقسام میں ایسٹر یکس، کروڈا، برنا،سمپلی ریڈوغیرہ شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آلو پاکستان کی ایک اہم فصل ہے کیونکہ اس سے فی ایکڑ آمدنی اورغذائیت دوسری فصلوں سے زیادہ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آلو میں نشاستہ، وٹامن، معدنی نمکیات، لحمیات پائے جاتے ہیں اسلئے یہ ایک مکمل غذا بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے اورگندم پردباؤ میں کمی لانے کیلئے آلوکی کاشت ضروری ہے جسے ساحل سمندر سے لیکرپہاڑو ں کی بلند چوٹیوں تک کاشت کیا جا سکتاہے۔