24.1 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومزرعی خبریںکاشتکاروں کو پالک کی بہتر پیداوار کیلئے بروقت آبپاشی کامشورہ

کاشتکاروں کو پالک کی بہتر پیداوار کیلئے بروقت آبپاشی کامشورہ

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 28 اگست (اے پی پی):ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آبادنے پالک کے کاشتکاروں کو بہتر پیداوارکیلئے بروقت آبپاشی کامشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ کاشتکار آبپاشی میں کسی غفلت کامظاہرہ نہ کریں تاکہ انہیں پیداواری نقصان کاسامنا نہ کرناپڑے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار پٹڑیوں پر کاشت کی ہوئی فصل کیلئے پانی کا وقفہ 6سے8دن اور ڈرل کے ذریعے کاشت کی ہوئی فصل کا وقفہ 10 سے 12 دن رکھیں نیز جب پودے3،3پتے نکال لیں تو اس کے گچھے اکھاڑ دینے چاہئیں کیونکہ ایک جگہ زیادہ تعداد میں اگے ہوئے پودوں کی بڑھوتری متاثر اور پیداوار کم ہونے کاخدشہ رہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ کاشتکاروں کو پودوں کی چھدرائی میں بھی تاخیر نہیں کرنی چاہیے کیونکہ دیر سے اکھاڑے جانے پر بچ جانے والے پودے بھی متاثر ہوتے ہیں۔علاوہ ازیں انہوں نے کاشتکاروں کو سویابین کی منطور شدہ اقسام کی کاشت بروقت مکمل کرنے اور میرازمین کے انتخاب کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ کاشتکاروں کی جانب سے سویابین کی فصل خریف کی کاشت مقررہ مدت تک مکمل کرنے سے اس کی بڑھوتری کا عمل احسن طریقے سے جاری رہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ سویا بین کی اچھی پیداوار کے حصول کیلئے میرا زمین کا انتخاب ضروری ہے جبکہ سویا بین کی منظور شدہ اقسام ولیمز 82، این اے آر سی 1، این اے آر سی 2، فیصل سویابین فی ایکڑ بمپر کراپ کی فراہمی کی ضامن ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہاکہ میر ا زمین کیلئے ضروری ہے کہ اس میں پانی کا اچھا نکاس موجودہو تاکہ فصل کو نقصان پہنچنے کا احتمال نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ زمین کی تیاری کیلئے کھیت میں 2 سے3بار ہل چلانے کے علاوہ اسے سہاگہ دیا جائے نیز فصل کی کاشت صبح یا شام کے اوقات میں اس وقت کی جائے جب زمین تر وتر حالت میں موجود ہو۔ انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی،معلومات یا مشاورت کیلئے زرعی ماہرین یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں