کاشتکاروں کو چاہیے کہ کپاس کی بروقت صاف چنائی کو یقینی بنا کر بہترین منافع حاصل کریں،ڈپٹی کمشنر

140
محکمہ زراعت توسیع کی جانب سے سیمینار برائے بحالی کپاس مہم کا انعقاد

چشتیاں ۔ 27 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنربہاولنگرذولفقاراحمد نے کہا ہے کہ کپاس ملکی معیشت کیلئے بنیادی اہمیت کی حامل ہے،سال رواں کپاس کی بہترین پیداوار کے لیے پنجاب حکومت اور متعلقہ ادارے کاشتکاروں کے شانہ بشانہ ساتھ رہےہیں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ کپاس کی بروقت صاف چنائی کو یقینی بنا کر بہترین منافع حاصل کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےاپنے دفتر میں کپاس کی مارکیٹنگ بارے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کپاس کے مارکیٹ ریٹ، آمد اورخرید وفروخت کے حوالہ سے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے افواہ یا غلط خبریں پھیلانے والوں کے خلاف ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے،تمام تحصیلوں کی مارکیٹ کمیٹیاں روزانہ کی بنیاد پر منڈیوں میں کپاس کی آمد اور خرید و فروخت کا ڈیٹا جاری کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے تحفظات کے سلسلے میں بتایا کہ محکمہ زراعت کاٹن فیکٹریوں میں کپاس کی آمد، خرید و فروخت، نرخ اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے روزانہ مانیٹرنگ کرے گا تاکہ مکمل ریکارڈ رکھا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ ایگریکلچر مارکیٹنگ ونگ مقامی منڈیوں میں کپاس کی آمد اورخریدوفروخت کی مانیٹرنگ کرتے ہوئے روزانہ رپورٹ دے گا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ریونیو محمد یوسف چھینہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ظہورحسین، اسسٹنٹ کمشنرز،محکمہ زراعت (توسیع) کے افسران نے شرکت کی۔