فیصل آباد ۔ 15 نومبر (اے پی پی):حکومت پنجاب کی زیادہ گندم اگاؤ مہم کے سلسلہ میں کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہ کہ وہ گندم کی منظور شدہ اقسام دلکش21، اکبر2019، بھکر سٹار اور سبحانی21کی کاشت20 نومبر تک مکمل کریں۔ ڈویژنل ڈائریکٹر زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمید کی سربراہی میں جامعہ زرعیہ کے طلبااور محکمہ زراعت توسیع کے عملہ کی جانب سے زیادہ گندم اگاؤ مہم کے تحت کاشتکاروں کے ڈیروں پرجا کر انہیں جدید ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی دی جارہی ہے
اور گزشتہ روز انہوں نے امین پور بنگلہ میں کاشتکاروں کے ڈیروں پر جا کر انہیں گندم کے وقت کاشت،ڈرل کاشت،ترقی دادہ اقسام،کھادوں کے متوازن استعمال، زیرو ٹیلج اور دیگر زرعی امور کے بارے میں پریکٹیکل ڈیمانسٹریشن دی تاکہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو سکے جس سے کاشتکار خوشحال اور ملکی معیشت خود کفالی کی طرف گامزن ہو۔
مذکورہ پیداواری مہم میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری خالد محمود،ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ڈاکٹر عامر رسول،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت فیصل آبادڈاکٹر خالد اقبال سمیت کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔