سمبڑیال۔ 22 جون (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) تحصیل سمبڑیال ڈاکٹر افتخار احمد وڑائچ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر کاشتکاروں کے لیے گرین ٹریکٹر سکیم شروع کی جا رہی ہے، اس سکیم کے تحت چھوٹے، درمیانے اور بڑے ٹریکٹرز سبسڈی پر کاشتکاروں کو فراہم کیے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ فیلڈ انویسٹی گیٹر لیاقت علی اور دیگر سٹاف بھی موجود تھا۔انہوں نےکہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کسان دوست ویژن کے تحت64 ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم مختص کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کے تحت5 لاکھ کسانوں کو بلاسود قرضہ فراہم کرے گی اور 30 ارب روپے کی لاگت سے چیف منسٹر گرین ٹریکٹر سکیم کا آغاز کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 12 ارب روپے کی لاگت سے جدید زرعی مشینری اور آلات پر سبسڈی دی جائے گی
9 ارب روپے کی لاگت سے چیف منسٹر سولرائزیشن پروگرام کے تحت 7 ہزار ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا ،8 ارب روپے کی لاگت سے وزیر اعلیٰ پنجاب سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت 5 ہزار سپر سیڈرز اور2 رائس سٹراشریڈرز 60 فیصد سبسڈی پر دیے جائیں گے، ایک ارب کی زائد لاگت سے صوبہ پنجاب میں ماڈل ایگریکلچرز مالز کا قیام عمل میں لایا جائے گا، ایک ارب روپے کی لاگت سے تل ،سویا بین اور کنولا کی کاشت اور پیداوار کیلئے مختص کیے گئے ہیں
اسی طرح ایک ہزار گریجویٹ نوجوانوں کو وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر شعبہ زراعت میں بھرتی کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک سال کی سکیم ہو گی،کسانوں کو ٹریکٹرز کی ڈلیوری تک کا تمام سسٹم میکنائزاڈ ہو گا ،ٹریکٹر کارنگ سبزہو گا اور اس پر وزیراعلی پنجاب ٹریکٹر سکیم درج ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن ہے کہ اس سکیم کو بڑے پیمانے پر لانچ کیا جائے، ٹریکٹر کی خرید اری کے سلسلے میں کاشتکار کو آپشن دیا جائے کہ وہ جس مرضی کمپنی کا معیاری ٹریکٹر خرید یں، گرین ٹریکٹر کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریکٹروں کی فراہمی راستوں کی وصولی اور قرعہ اندازی شفاف انداز میں منعقد کرائی جائے گی، گرین ٹریکٹر سکیم کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=478029