33.2 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 10, 2025
ہومزرعی خبریںکاشتکاروں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے تحقیقات عمل میں لائی...

کاشتکاروں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے تحقیقات عمل میں لائی جارہی ہیں ، وائس چانسلرجامعہ زرعیہ فیصل آباد

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 23 نومبر (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ دور حاضر کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لیے مربوط تحقیقی نظام کو فروغ دینا ناگزیر ہے تاکہ زرعی مشکلات کا سامنا سائنسی بنیادوں پر کرتے ہوئے تحقیقات کو کاشتکاروں کی دسترس تک پہنچا کر زرعی ترقی کا سنہری باب مرتب کیا جاسکے۔

اس امر کا اظہار انہوں نے انڈوومنٹ فنڈ سیکرٹریٹ کے پروگرام پراجیکٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں کاشتکاروں کے مسائل کو حل کے لئے تحقیقات عمل میں لائی جارہی ہیں جو کہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ کاشتکاروں کی معاشی حالت میں بھی بہتری لائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ملک کو پانی کی کمی، زمین کی زرخیزی و دیگر مسائل کا سامنا ہے جس پر قابو پانے کے لیے جدید زرعی ٹیکنالوجی کو اپنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

- Advertisement -

پرو وائس چانسلرو ڈین کلیہ زراعت پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ ان کی تیار کردہ گنے کی ہربیسائیڈ اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی نئی اقسام سے پیداوار میں اضافہ یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تمام کوششیں کررہی ہے۔ ڈین سائنسزو ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد بھٹی نے کہا کہ انڈوومنٹ فنڈ کے تحت بیس منصوبہ جات بشمول ہوم گارڈننگ، بائیو پیسٹی سائیڈ، ویٹ سیڈ پروڈکشن کا فروغ، ٹنل فارمنگ، فیلڈ ایویلیوایشن برائے گنے کی نئی اقسام کی کمرشلائزیشن و دیگر پر کام جاری ہے۔

چیئرمین شعبہ انٹومالوجی و پرنسپل آفیسر شعبہ تعلقات عامہ و مطبوعات پروفیسر ڈاکٹر محمد جلال عارف نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کے ویژن کے مطابق ہوم گارڈننگ کو رواج دینے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جار ہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے ماہرین، افراد بالخصوص طلبہ اور خواتین میں ہوم گارڈننگ کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد تسلسل کے ساتھ کر رہے ہیں تاکہ ہوم گارڈننگ کو گھر گھر پہنچا کر غذائیت کی کمی کے مسائل پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔ ڈین اینیمل ہسبنڈری پروفیسر ڈاکٹر قمر بلال نے کہا کہ چھوٹے کاشتکاروں کی استعداد کار کو بڑھا کر زرعی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے جس کیلئے یونیورسٹی آؤٹ ریچ پروگرام میں وسعت لے کر آئی ہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=413419

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں