کاشتکار برسات کے دوران کپاس کی فصل میں پانی جمع نہ ہونے دیں،محکمہ زراعت کی ہدایت

145
cultivation of cotton
cultivation of cotton

ملتان۔ 05 اگست (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ مون سون کی بارشوں کے دوران کپاس کی بہتر نگہداشت کے لئے فصل میں زیادہ پانی جمع نہ ہونے دیں کیونکہ اس سے پودوں کی جڑوں کو نقصان ہوتا ہے جس سےپیداوار متاثر ہوتی ہے، بارش کا پانی کھیت میں 48 گھنٹے سے زیادہ کھڑا رہنے سے پودے مرجھا نا شروع ہو جا تے ہیں اس لیے پانی کے نکاس کا فوری بندو بست کریں یا فصل میں کھڑے پانی کو کسی خالی نچلے کھیت میں نکال دیں۔ اگر کھیت سے پانی نکالنا ممکن نہ ہو تو کھیت کے دونوں کناروں پر تقریباً 10 فٹ لمبا، 6 فٹ چوڑا اور 5 فٹ گہرا گڑھا کھود لیں تا کہ بارش کا پانی ان گڑھوں میں جمع کیا جا سکے۔

بارش کے بعد یوریا 2 کلو گرام ، پوٹاشیم نائٹریٹ 200 گرام ، بورک ایسڈ (%17) 300 گرام ، زنک سلفیٹ (%33) 250 گرام اور میگنیشیم – یشیم سلفیٹ 300 گرام کو 100 لٹر صاف پانی میں حل کر کے ایک ہفتہ کے وقفہ سے 2 بارسپرے کریں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید بتایا کہ بارش کے بعد زیادہ نمی کی وجہ سے سبز تیلے کا حملہ زیادہ ہو سکتا ہے اس لیے کاشتکار کپاس کی پیسٹ سکاؤٹنگ پر توجہ دیں زرعی ماہرین کے مشورہ سے زرعی ادویات کا سپرے کریں۔