کاشتکار مرچ کی نرسری کی کاشت20نومبر تک مکمل کرسکتے ہیں،محکمہ زراعت پنجاب

254
Green chilli

سیالکوٹ۔ 10 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے مرچ کے کاشتکاروں کو نرسری کے پودے کھیلیوں کے دونوں طرف ایک فٹ کے فاصلے پرلگانے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ کاشتکار نرسری کی منتقلی کے بعد کھیت کو پانی لگادیں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا کہ مرچ کے پودے کی نشوونماکے لئے بہترین درجہ حرارت 14سے 30ڈگری سینٹی گریڈہے۔

انہوں نے بتایا کہ کاشتکار مرچ کی نرسری کی کاشت20نومبر تک مکمل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرچ کی پنیری کی منتقلی کے لئے زرخیزمیرازمین جس میں نامیاتی مادہ وافرمقدارمیں ہوگا انتخاب کیاجائے کیونکہ ان زمینوں میں نمی دیرتک قائم رہتی ہے اورمرچ کی جڑیں زمین کے نیچے آسانی سے خوراک حاصل کرکے بڑھتی اورپھولتی رہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مرچ کی پنیری کی کھیت میں منتقلی سے پہلے فی ایکڑ دس تا بارہ ٹن گوبرکی گلی سڑی کھادمیں 20کلوگرام یوریاملاکر استعمال کیاجائے۔