فیصل آباد ۔ 25 ستمبر (اے پی پی):نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ماہرین نے کہا کہ کاہو ایک اہم ترین جڑی بوٹی ہے جسے مختلف ادویات میں استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ اکتوبر کے آغاز سے لیکر وسط نومبر تک کاہو کاشت کرلیں۔
انہوں نے بتایاکہ کاہو کے بیج سے نکالا گیا روغن انتہائی معجزاتی خوبیوں کاحامل ہے اور جن افراد کو یہ شکایت ہو کہ انہیں رات کو نیند نہ آتی ہے اگر ان کے سر پر کاہو کے تیل کی مالش کر دی جائے تو ان کی یہ شکایت بھی ختم ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سردی کے موسم میں میرا زمین میں کاہو کی کاشت سے پودا بہتر انداز میں پھلتا اور پھولتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ زمین اچھی طرح تیار کر کے اس میں گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈالنے سے مزید بہتر نتائج بھی حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=505356