سمبڑیال۔ 14 مارچ (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) سمبڑیال ڈاکٹر افتخار احمد وڑائچ نے کاشتکاروں کو ٹماٹر کی کاشت محکمہ کے اصولوں کے مطابق کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹماٹر کی فصل کے لئے فلاورنگ پر کھاد اور آبپاشی میں احتیاط کریں،مٹی کی قسم اور موسم کے مطابق ہر 6 سے 7 دن بعد پانی لگائیں،فلاورنگ کے دوران پانی کی کمی نہ ہونے دیں ورنہ پھول گرنے کا خدشہ ہوسکتا ہے، زیادہ نمی سے بچیں تاکہ ارلی بلائٹ اور لیٹ بلائٹ کا خطرہ کم ہو۔
انہوں نے کہا کہ کھادوں کا استعمال فلڈ کے ساتھ کریں، پہلی آبپاشی میں نائٹروفاس12 کلوگرام ،پوٹاش سلفیٹ 3 کلوگرام ،بورک ایسڈ 5 سو گرام فی ایکڑ استعمال کریں، اسی طرح دوسری آبپاشی 10 دن بعد کریں، دوسری آبپاشی کے وقت اگر فصل کی بڑھوتری کمزور ہوتو یوریا10 کلوگرام،پھل کی کوالٹی بہتر کرنے کے لئے کیلشیئم نائٹریٹ5 کلوگرام فی ایکڑ استعمال کریں ۔ انہوں نے کہا کہ تیسری آبپاشی 20 دن بعد کریں اور نائٹروفاس15 کلوگرام، پوٹاش سلفیٹ3 کلو گرام فی ایکڑ استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ ارلی بلائٹ اور لیٹ بلائٹ بیماری سے بچنے کے لئے زینب اور مینکوزیب یا ازوکسی سٹرابن اور ٹیبوکونازول کا سپرے ہر 10 دن بعد کریں، تھرپس اور سفید مکھی کو کنٹرول کرنے کے لئے ایبا میکٹن یا ایمامیکٹین بینزوویٹ کا سپرے کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ بوران اور کیلشیم کا فلویئر سپرے بھی ضرور کریں اس کے لئے بورک ایسڈ ایک گرام فی لیٹر اور کیلشیم نائٹریٹ 2 گرام فی لیٹر پانی میں ملا کر سپرے کریں تاکہ ٹماٹر کے پھول گرنے سے بچ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کا جاری یہ پلان فلاورنگ والی فصل کے بہترین ہے ، فصل کی بڑھوتری اور موسم کے مطابق معمولی ردوبدل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں یا رہنمائی کےلئے محکمہ زراعت سے رابطہ کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572448