سمبڑیال۔ 26 اگست (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے کہا کہ کاشتکار پیٹھا کدو کی پچھیتی کاشت حالیہ بارشوں کے بعد فوراً مکمل کرلیں اور کاشت کیلئے ذرخیز میرازمین کاانتخاب کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج منگل کو کاشتکاروں کے نام اپنے ایک پیغام میں کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ پیٹھا کدو کی پچھیتی کاشت حالیہ بارشوں کے بعد فوراً مکمل کرلیں ، زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے ذرخیز میرا زمین کا انتخاب کریں،8 سے10 ٹرالی گوبرکی گلی سڑی کھاد ڈالیں اور زمین کو اچھی طرح ہل چلا کر تیار کرلیں۔ انہوں نے کہاکہ پیٹھا کدو کی پچھیتی فصل کی کاشت کامناسب وقت وسط اگست تک ہوتا ہے تاہم اسے اگست کے آخر تک بھی کاشت کیاجاسکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ 1/4 میٹر کے فاصلے پرنشان لگا کرپٹڑیاں بنا تے ہوئے نشان کے دونوں اطراف 30سینٹی میٹر کے فاصلے پرفی ایکڑ 3 بوری سپر فاسفیٹ اور ایک بوری امونیم نائٹریٹ بھی بکھیر دینی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار مزید رہنمائی کیلئے زرعی ماہرین کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔