پسرور ۔ 21 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پسرورنے موسم سرما میں جانوروں کی سبز چارے کی ضرورت پوری کرنے کیلئے کاشتکاروں کو ربیع کے چارے کی کاشت فوری طور پر شروع کرکے جلد ازجلد مکمل کرنے کامشورہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ کاشتکار موسم سرماکے سبز چارے برسیم، لوسرن، اگیتی جئی کی کاشت کرلیں تاکہ بہتر فصل کا حصول ممکن اور موسم سرما میں جانوروں کی سبز چارہ کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد مل سکے نیز ربیع کے چارے کی کاشت کیلئے ذرخیز زمین کا انتخاب کیاجائے
تاکہ کاشتکار بہتر انداز میں مالی فائدہ بھی حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں۔ محکمہ زراعت کے مطابق کاشتکاروں کو ربیع کے چارے کی کاشت کیلئے زمین میں 3سے 4 مرتبہ ہل اور سہاگہ چلا کر اسے اچھی طرح نرم و بھربھری کر لینی چاہیے جس میں گوبر کی گلی سڑی کھاد 12سے15 گڈے فی ایکڑ ڈالنے سے بھی شاندار نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔اے ڈی زراعت پسرور سجاد حیدر نے کہا کہ اگر گوبر کی کھاد دستیاب نہ ہو تو 2 بوری ڈی اے پی کھاد فی ایکڑ بھی ڈالی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار اس سلسلہ میں مزید رہنمائی محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=515148