فیصل آباد۔ 19 دسمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عامر صدیق نے بتایا کہ سخت سردی کے باعث کورے کے عمل کے دوران زمین کے قریب کی ہوا ٹھنڈی ہوجاتی ہے اورچونکہ ٹھنڈی ہوا گرم ہوا کی نسبت بھاری ہوتی ہے اسلئے وہ زمین کی سطح کے قریب رہتی ہے اور رات کو یہ ہوا کورے یا کہر کی شکل اختیار کرلیتی ہے
لہٰذاجب رات کو کورا سبزیوں کے پتوں پر پڑتا ہے تو ٹھنڈک کی وجہ سے پتوں کا پانی جمنے کے باعث پھیل جاتا ہے جس سے پتوں کے خلیے ٹوٹ جاتے اور بعد میں نئی کونپلیں اور پتے خشک ہوجاتے ہیں اسلئے سبزیوں کے کاشتکارکورا پڑنے کے امکانات کا جائزہ لیں اور آخر دسمبر تا وسط فروری کم سے کم درجہ حرارت معلوم کرنے کیلئے کھیتوں میں مخصوص جگہوں پر تھرما میٹر لگائیں۔
انہوں نے کہاکہ اگر درجہ حرارت 0.5ڈگری تک گر جائے تو کورا پڑنے کی توقع کی جاسکتی ہے لہٰذاکاشتکارکورے کی راتوں میں کھیتوں کی ہلکی آبپاشی کریں کیونکہ اس عمل سے سبزیوں کے پودوں کو کورے کے اثر سے بچایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کاشتکاروں کو ٹماٹر، مرچ، بینگن، کھیرے، چپن کدو کو کورے سے بچانے کیلئے سرکنڈے یا پرالی سے ڈھانپنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ سبزیات کی کامیاب اور نفع بخش کاشت کا انحصار ان کی مناسب دیکھ بھال پر ہے کیونکہ سخت سردی،دھند، کورے سے موسم سرما کی کاشتہ سبزیات متاثر ہوتی ہیں لہٰذا ان کو موسمی اثرات سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے جس کیلئے کاشتکار ٹماٹر، مرچ، بینگن،کھیرا اور چپن کدو کو کورے سے بچانے کیلئے سرکنڈا یا پرالی سے ڈھانپیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=537528