کاشتکار کٹائی کے بعد فصل کی باقیات کو آگ ہر گز نہ لگائیں کیونکہ اس سے فضائی آلودگی پیدا ہوتی ہے، ترجمان محکمہ زراعت

79

اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے سموگ سے بچائو کے لیے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کٹائی کے بعد فصل کی باقیات کو آگ ہر گز نہ لگائیں کیونکہ اس عمل سے فضائی آلودگی پیدا ہوتی ہے، باقیات کی تلفی کےلئے محکمہ زراعت کی ہدایات پر عمل کریں۔

ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ سموگ فضائی آلودگی کی وہ قسم ہے جو انسانوں، جانوروں اور پودوں کےلئے نقصان دہ ہونے کے ساتھ ساتھ پورے ماحول کو آلودہ کر دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سموگ ماحولیاتی آلودگی کی ایک خطرناک قسم ہے جس سے ٹھہری ہوئی ہوا میں موجود گیسیں مثلاً کاربن مونو آکسائیڈ، نائٹروجن پر آکسا ئیڈ، میتھین، سلفر ڈائی آکسائیڈاور ہائیڈرو کاربن وغیرہ کے ذرات مل کر سموگ کا روپ دھار لیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دھان کے کاشتکارفصلوں کی باقیات کی تلفی کےلئے محکمہ زراعت پنجاب کی ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ دھان کے مڈھوں کو آگ لگانے کی صورت میں سخت قانونی کاروائی کی جا سکتی ہے۔