کاشتکار کپاس کی کاشت ترجیحاً 15 مئی تک مکمل کر لیں،ڈائریکٹر زراعت توسیع

237
Cotton cultivation
Cotton cultivation

ملتان۔ 24 اپریل (اے پی پی):ڈائریکٹر زراعت توسیع شہزاد صابرنے کہاہے کہ کاشتکار کپاس کی کاشت ترجیحاً 15 مئی تک مکمل کر لیں۔تفصیلات کے مطابق بدھ کے روزمحکمہ زراعت توسیع اور نجی کھاد کمپنی کے باہمی تعاون سے مخدوم رشید میں کاٹن سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

جس میں کاشتکاروں کو کپاس کی بروقت کاشت،کھادوں کے متوازن و متناسب استعمال سمیت جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت توسیع شہزاد صابرنے سیمینار کے شرکاء سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ کپاس ہماری ایک اہم اور نقدآور فصل ہے، کپاس کی کاشت و پیداوار میں اضافہ کیلئے کاشتکاروں کو ان کے فیلڈ میں جاکر رہنمائی فراہم کی جارہی ہے،امسال ملتان ڈو یژن میں نو لاکھ 45 ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار کپاس کی کاشت ترجیحاً 15 مئی تک مکمل کر لیں۔ ڈائریکٹر کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر غلام سرور نے کہا کہ کپاس کی کاشت کیلئے سرٹیفائیڈ اور ٹیگ والا بیج استعمال کریں،کاشتکار کپاس کی منظور شدہ بی ٹی اقسام کا تصدیق شدہ بیج کاشت کریں، بوائی سے قبل بیج کومناسب کیڑے مار زہر ضرور لگائیں، کپاس پر ابتدائی کیمیائی سپرے میں کم از کم 60 دن تک تاخیر کریں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر ازور رضا گیلانی نے کہا کہ کپاس کی کاشت سے قبل زمین کی اچھی تیاری بہت ضروری ہے، زمین کی سخت تہہ توڑنے کیلئے سب سوائلر ہل چلایا جائے، یکم تا 30 اپریل تک کاشتہ فصل کے لیے 17500 پودے فی ایکڑ رکھیں، یکم تا 31 مئی تک کاشتہ فصل کے لئے 23000 پودے فی ایکڑ رکھیں۔سیمینار میں نجی کھاد کمپنی کے ماہرین کی جانب سے کاشتکاروں کو کھادوں کے متوازن و متناسب استعمال بارے آگاہی بھی دی گئی۔سیمینار میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت اللہ رکھا، عمران حمید و دیگر ماہرین سمیت کاشتکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔