21.6 C
Islamabad
اتوار, مئی 4, 2025
ہومزرعی خبریںکاشتکار کپاس کی کاشت ترجیحاً 15 مئی تک مکمل کر لیں، ڈائریکٹر...

کاشتکار کپاس کی کاشت ترجیحاً 15 مئی تک مکمل کر لیں، ڈائریکٹر جنرل

- Advertisement -

ملتان۔ 04 مئی (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع پنجاب چوہدری عبدالحمید نے کہا ہے کہ کپاس ہماری ایک اہم اور نقدآور فصل ہے،کپاس کی فصل کو بوائی سے چنائی تک خصوصی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے،کپاس کی کاشت و پیداوار میں اضافہ کیلئے کاشتکاروں کو ان کے فیلڈ میں جاکر رہنمائی فراہم کی جارہی ہے،کاشتکار کپاس کی کاشت ترجیحاً 15 مئی تک مکمل کر لیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو جنوبی پنجاب کے دورہ کے دوران محکمہ زراعت بہاولپور کے افسران کے ساتھ خصوصی اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ضلع بہاولپور بھر میں کپاس کی اگیتی کاشت، اس کی نگہداشت اور موسمی کپاس کی کاشت کے حوالے سے فیلڈ سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع پنجاب کوکپاس کی کاشت، کسان کارڈ اسکیم اور سی ایم انیشیٹوز پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران ڈی جی زراعت توسیع کو مختلف علاقوں میں جاری زرعی اقدامات، کسانوں کی رہنمائی اور فصلوں کے تحفظ کے لیے اختیار کی گئی حکمت عملی سے متعلق آگاہ کیا گیا۔اس دوران چوہدری عبدالحمید نے فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ 15مئی تک کپاس کی کاشت کیلئے فیلڈ فارمیشنز اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں،15مئی تک زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کپاس کی کاشت کیلئے کاشتکاروں کی رہنمائی کی جائے،محکمہ زراعت کے افسران گاؤں گاؤں جا کر کپاس کے کاشتکاروں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی اور کپاس کی مختلف بیماریوں سمیت کیڑے مکوڑوں کے حملوں کے خلاف زبر دست قوت مدافعت رکھنے والی اقسام کے بارے میں روشناسی فراہم کر یں تاکہ کپاس کی کاشت اور پیداوار کیلئے مقرر کردہ اہداف کا حصول یقینی ہو سکے۔

- Advertisement -

انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کی کاشت کے دوران جدید زرعی طریقوں اور موسمی حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کسانوں کی بھرپور رہنمائی کی جائے تاکہ پیداوار میں اضافہ ممکن ہو سکے۔ ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع نے کسان کارڈ کے ذریعے فراہم کردہ بلاسود زرعی قرضوں کی ریکوری کی موجودہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات دیں کہ بلاسود قرض کی واپسی کیلئے کاشتکاروں کی رہنمائی کریں۔مزید برآں اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے مختلف زرعی انیشیٹیوز پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ چوہدری عبدالحمید نے زور دیا کہ ان اقدامات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور فیلڈ سطح پر کسانوں کو ان سکیموں کے فوائد سے آگاہ کیا جائے۔

ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع کے اس دورے کا مقصد جنوبی پنجاب سمیت ضلع بہاولپور میں زرعی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنانا، کسانوں کے مسائل کو سمجھنا اور موجودہ حکومتی پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانا تھا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592229

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں