لاہور۔26اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ آبپاش علاقوں کے کاشتکارگندم کی کاشت ترجیحاً20 نومبر تک مکمل کر لیں اور زیادہ پیداوار کیلئے محکمہ زراعت کی منظور شدہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج استعمال کریں۔ترجمان کے مطابق آبپاش علاقوں کے کاشتکار گندم کی زیادہ پیداوار کے لئے فخر بھکر15 نومبر تک جبکہ صادق21،نواب21،نشان21 ،ڈیورم2021 ،این اے آر سی سپر،غازی19،سبحانی21 ،رہبر21 اورایم ایچ21 کی کاشت30نومبر تک مکمل کر لیں ،اس کے علاوہ عروج 22،اکبر19 ،دلکش 20 ،جوہر16 ،بورلاگ 16 ،زنکول 16 ،اُجالا16 ،اناج 17 استعمال کریں جبکہ فیصل آباد8کی کاشت 10 دسمبر تک مکمل کر لیں،گندم کے کاشتکار بھکر سٹار19 کی کاشت 10 نومبر تا10دسمبر مکمل کریں،اس کے علاوہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کیلئے صادق21 اور نواب21زیادہ موزوں اقسام ہیں،
کاشتکاربوائی کیلئے20نومبر تک40سے45کلوگرام جبکہ21نومبر تا10 دسمبر50 کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں اور بیج کے اگاؤ کی شرح85 فیصد سے ہرگز کم نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکار کھڑی کپاس میں گندم کی کاشت کرنے کیلئے 55 سے60 کلوگرام فی ایکڑ بیج استعمال کریں،گندم کی مختلف بیماریوں میں کانگیاری ، کرنال بنٹ ،گندم کی بلاسٹ اور اکھیڑا وغیرہ زیا د ہ نقصان دہ ہیں جو کہ پیداوار میں نقصان کا باعث بنتی ہیںان بیماریوں سے بچائو کیلئے بیج کو بوائی سے پہلے تھائیو فنیٹ میتھائل بحساب دوتا اڑھائی گرام فی کلو گرام بیج یا امیڈا کلوپرڈ اور ٹیبو کونا زول بحساب 4 ملی لٹر فی کلو گرام بیج لگائیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ کاشتکار فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ رقبہ پر گندم کی کاشت یقینی بنائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=517218