سمبڑیال۔ 20 اگست (اے پی پی):محکمہ زراعت سمبڑیال کے فیلڈ انویسٹی گیٹر لیاقت علی نے کہا ہے کہ کاشتکار یکم ستمبر سے یکم جنوری تک شلجم کی کاشت مکمل کرلیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کسانوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شلجم کی کاشت کا وقت یکم ستمبر سے شروع ہورہا ہے جو کہ یکم جنوری تک جاری رہے گا ، شلجم کی اگیتی کاشت کےلئے ضروری ہے کہ ستمبر کے مہینے میں کاشت مکمل کرلی جائے ۔انہوں نے کہا کہ اگیتی کاشت کےلئے 5 ڈبے فی ایکڑ بیج لگایا جائے ،درمیانی کاشت یعنی 15 اکتوبر سے 15 نومبر تک 3 ڈبے فی ایکڑ اور پچھیتی کاشت کےلئے 2 ڈبے فی ایکڑ بیج لگایا جائے، شلجم کاشت کرنے کےلئے کھیت میں وتر کی حالت میں اچھی طرح ہل چلائیں ۔
انہوں نے کہا کہ بیجائی کے وقت ڈی اے پی ایک بوری کھاد اور دوسرے پانی کے ساتھ ایک بوری یوریا کھاد ڈالیں،ہل چلانے کے بعد روٹرکے ساتھ مٹی کو باریک کر دیں، بیج اور کھاد ایک بوری ڈی اے پی کے ساتھ چھٹہ کرکے کھیلیاں نکال لیں،کھیلیوں میں پانی اتنا لگائیں کہ اوپر وتر چڑھ جائے،پانی لگانے کے فورا بعد ڈوآل گولڈ جڑی بوٹی مار اسپرے کر دیں، ایک ہفتے کے بعد دوسرا پانی بھر کر لگا دیں اور جب تک شلجم کی گولی نہ بن جائے زمین کو سوکھنے نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ چوتھے پانی کے ساتھ آدھی بوری ڈی اے پی اور آدھی بوری یوریا مکس کرکے ڈال دیں تاکہ شلجم کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوجائے۔لیاقت علی شلجم کی وکیما ،رچنا یا کلاز کی اقسام کاشت کریں ان اقسام سے 3 سو سے 6 سو گٹو فی ایکڑ پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔