اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):صحت سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس17 سے19 فروری تک اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ کانفرنس کا عنوان عالمی صحت میں تبدیلی، تربیت اور تحقیق کے ذریعے نظر انداز کی گئی بیماریوں سے نمٹنا رکھا گیا ہے جس کا اہتمام کامسٹیک نے اسلامی دنیا کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تعاون کی تنظیم (آئی سیسکو) کے تعاون سے کیا ہے، جس کے صف اول کے شراکتداروں میں گلوبل نیٹ ورک فار انفلیکٹڈ ٹراپیکل ڈیزیز (برطانیہ)، سینٹر ڈی وائرولوجی ڈی میلڈیز انفیکٹیوز ایٹ ٹروپیکلز (سی وی ایم آئی ٹی) اور ایسوسی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی نژاد شمالی امریکہ (اے پی این اے) شامل ہیں۔
کامسٹیک حکام کے مطابق اس ایونٹ کا مقصد جدید طریقوں، تربیت اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے نظر اندازشدہ ٹراپیکل بیماریوں (این ٹی ڈیز) کے بڑھتے ہوئے بوجھ پر قابو پانا ہے۔ این ٹی ڈیز یزجن میں لیشمینیاسس ، اسٹوسوسومیاسیس اور ٹریکوما شامل ہیں غریب اور پسماندہ آبادیوں خاص طور پر ٹراپیکل اور سب ٹراپیکل علاقوں میں یہ بیماریاں غیر متناسب طور پر متاثر کرتی ہیں جو صحت، سماجی اور معاشی طور پر سنگین چیلنجز پیدا کرتی ہیں، جنہیں اکثر عالمی صحت کی ترجیحات میں نظر انداز کر دیا جاتا ہے ۔
جنوبی ایشیا اور مشرق وسطی اور شمالی افریقہ (مینا) کے علاقوں میں ان بیماریوں کا پھیلائو زیادہ رش والے پناہ گزین کیمپوں، صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال والے علاقوں، پانی کی قلت، شہری کچی آبادیوں اور صحت کی دیکھ بھال کے ناقص نظام کی وجہ سے بڑھ گیا ہے۔ کانفرنس کا مقصد شرکا کو صحت کی عدم مساوات کا مقابلہ کرنے کے لئے جدید ترین آلات اور طریقوں سے لیس کرکے ان چیلنجوں سے نمٹنا ہے۔
تین روزہ اس تقریب میں ماہرین کی سربراہی میں پینل مباحثے، تربیتی نشستیں اور معروف سائنس دانوں، صحت کی دیکھ بھال کے پیشہ ور افراد اور پالیسی سازوں کی کلیدی تقاریر شامل ہوں گی۔ شمالی افریقہ (مراکش، تیونس، الجیریا اور لیبیا) اور آئی سیسکو کے دیگر رکن ممالک کے25 بین الاقوامی مندوبین اور 25 مقامی شرکا پر مشتمل50 شرکا، معلومات کے تبادلے کی نشستوں میں شرکت کریں گے۔
اس کانفرنس کا مقصد کثیر القومی تعاون ، تحقیق کے مواقع کو فروغ دینا اور نظر انداز کی جانے والی بیماریوں کا پائیدار حل تجویز کرنا ہے۔ اہم مقاصد میں این ٹی ڈیز کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا، پرائمری ہیلتھ کیئر کو بہتر بنانا، ویکٹر کنٹرول کو فروغ دینا اور نئی ٹیکنالوجیز اور علاج کی ترقی کی حوصلہ افزائی کرنا شامل ہے۔ نیٹ ورکس اور پارٹنرشپ کی تعمیر کے ذریعے اس ایونٹ کا مقصد این ٹی ڈیز یزکے خلاف جنگ میں تبدیلی لانے والی تبدیلیوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور کمزور علاقوں میں صحت کی دیکھ بھال تک مساوی رسائی کو یقینی بنانا ہے۔
کانفرنس کی میزبانی ہائبرڈ فارمیٹ میں کی جائے گی، جس میں آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے وسیع پیمانے پر شرکت کی اجازت ہوگی۔ شرکا رجسٹریشن اور اضافی تفصیلات کے لئے کامسٹیک اور آئی سیسکو کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ مشترکہ اقدام این ٹی ڈیز کا مقابلہ کرنے کے لئے عالمی کارروائی کی فوری ضرورت کو اور ہمارے وقت کے سب سے اہم صحت کے چیلنجوں میں سے ایک سے نمٹنے میں تحقیق، تربیت اور شراکت داری کے اہم کردار کو اجاگرکرے گا۔